15 دسمبر ، 2012
پشاور …پشاورایئرپورٹ پرراکٹوں سے حملہ اورفائرنگ کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 3افرادجاں بحق اور40زخمی ہوگئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ 3راکٹ ایئرپورٹ کے اندراور2قریبی رہائشی علاقے میں گرے۔جیو نیوز کے نمائندے آفتاب احمد کے مطابق وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے،سیکورٹی اہلکار جوابی فائرنگ کررہے ہیں،زخمیوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں۔بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا تھا مگر وہ نہ پہنچے جس سے کافی مشکل پیش آرہی ہے۔انھوں نے بتایا کہ کچھ لاشیں ابھی تک پڑی ہیں انھیں اس وجہ سے نہیں اٹھایا گیا ہے کہ وہاں بم نہ ہو۔ائیرپورٹ کو ابھی تک کلیئر نہیں کیا گیا ہے۔ادھر نعمان خان نے بتایا ہے کہ سیکورٹی آپریشن جاری ہے تاکہ ائیرپورٹ کو کلیر کیا جاسکے۔ابھی تک مسافروں کو الگ جگہ پر بٹھایا ہے تاکہ کلیئر نس کے دوران انھیں کوئی نقصان نہ پہنچے۔علاقے کے مکین اپنے گھروں میں محصور ہیں اور خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ایک اور ذرائع کے مطابق 31افراد زخمی ہوئے ہیں۔خیبر ٹیچنگ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ ہے۔بعض عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکا اتنازور دار تھا کہ وہ خوفزدہ ہوگئے تھے ۔زخمیوں کی زیادہ تعداد اسی علاقے کے رہنے والے ہیں۔ادھر خیبر اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ کچھ زخمیوں کی حالت نازک ہے اور انھیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا گیا ہے۔