15 دسمبر ، 2012
پشاور … پشاور ایئر پورٹ پر راکٹوں سے حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے، ایئر پورٹ کے باہر سے خود کش جیکٹس پہنے 2 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں جبکہ تیسری خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا گیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق تازہ اطلاعات کے مطابق پشاور ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے راکٹ حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 40 زخمی ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں، جن میں خواتین، بچے اور بزرگ شامل ہیں جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے ہیں، تمام دہشت گردوں کو ایئرپورٹ کی دیوار کے باہر فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کیا گیا، دو خود کش جیکٹس پہنے دہشت گردوں کی لاشیں ایئرپورٹ کے باہر سے ملیں جبکہ تیسری خود کش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی بھی ایئر پورٹ کی عمارت سے ٹکرائی جس کے باعث شہریوں کی ہلاکتیں ہوئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا سلسلہ رک گیا، پشاور ایئرپورٹ کو سیل کردیا گیا ہے جبکہ سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، فوج اور گارڈز کے الرٹ ہونے کے باعث دہشتگرد ایئر پورٹ میں داخل نہیں ہوسکے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دہشتگردوں نے گاوٴں آبدرہ کی جانب سے ایئر پورٹ پر حملہ کیا، جبکہ حملہ آوروں سے ملنے والی 4 خود کش جیکٹس کو ناکارہ بنادیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں پاک فضائیہ کی تنصیبات اور اہلکاروں کو نقصان نہیں پہنچا، علاقہ کلیئر کرنے کیلئے تمام سیکیورٹی ایجنسیوں کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے پہلے بارود سے بھری گاڑی ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرائی، جس کے بعد 5 راکٹ داغے گئے، 3 راکٹ ایئرپورٹ کی حدود کے اندر اور دو رہائشی علاقے میں گرے جس کے بعد دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق پشاور کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ لوگ خوفزدہ ہوگئے، زخمیوں کی زیادہ تعداد عام شہریوں کی ہے، کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب ترجمان کالعدم تحریک طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔