21 فروری ، 2012
میکسیکو سٹی… امریکی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ روس اور چین صدر بشارالاسد کی حکومت کی حمایت ترک کر دیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق میکسیکو سٹی میں عالمی معیشت پر جی ٹوئنٹی وزراء خارجہ نے غیر رسمی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چین اور روس شام کے صدر کی حکومت کی حمایت کو ترک کر دیں۔ انہوں نے دیگر ممالک کے حوالے سے کہاکہ وہ بھی صدر بشاالاسد کی حکومت سے روابط ختم کر دیں اور شام پر سفارتی دباؤ ڈالتے ہوئے شام پر پرتشدد حالات ختم کروائیں۔ دوسری جانب قاہرہ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ناصر عبدالعزیز النصر کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی نے توقع کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شام سے متعلق تیونس میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں چین اور روس اپنے موقف میں تبدیلی کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کانفرنس کا مقصد شام میں تشدد کے خاتمے کیلئے صدر بشار الاسد کی حکومت پر دباؤ ڈالنا ہے۔