Time 15 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی کی حلقہ بندیوں کے معاملے پر پی پی اور ایم کیو ایم کے معاملات طے پاگئے

ایم کیو ایم سے مشاورت جاری ہے، معاملات جلد حل ہوجائیں گے، ایم کیو ایم پاکستان کا یو سیز کو بڑھانے کا موقف ہے: ناصر شاہ— فوٹو: ناصر شاہ
ایم کیو ایم سے مشاورت جاری ہے، معاملات جلد حل ہوجائیں گے، ایم کیو ایم پاکستان کا یو سیز کو بڑھانے کا موقف ہے: ناصر شاہ— فوٹو: ناصر شاہ

کراچی کی حلقہ بندیوں کے معاملے پر پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

پیپلز پارٹی کا وفد صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز پہنچا اور کنوینر ایم کیو ایم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات پر ہی الیکشن کمیشن کو لیٹر لکھا تھا اور اب انہی تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے یوسیز  بڑھانے کا خط لکھ رہے ہیں۔

سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمارے مؤقف کو مانا ہے، امید ہے 24 گھنٹوں میں اہم پیش رفت ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب دھرنا مؤخر کیا تو اس دوران پیپلز پارٹی کے ساتھ حلقہ بندیوں پراہم پیشرفت ہوئی، نئی یوسیز بنانا مکمل طور پر صوبائی حکومت کا استحقاق ہے۔ 

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم کا بلدیاتی الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ درست تھا، الیکشن میں حصہ لیتے تو حلقہ بندیوں پر اعتراض کی دلیل بے کار جاتی۔

مزید خبریں :