Time 15 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی میں سبزہ 25 فیصد کرنے کیلئے اربن فوریسٹ اور محکمہ جنگلات کے درمیان سمجھوتہ طے

کراچی کا رقبہ 3 ہزار کلومیٹر ہے، ٹری کور بس ایک فیصد ہے— فوٹو: فائل
کراچی کا رقبہ 3 ہزار کلومیٹر ہے، ٹری کور بس ایک فیصد ہے— فوٹو: فائل

کراچی میں سبزہ محض ایک فیصد رہ گیا اور اس سبز احاطے کو 25 فیصد تک کرنے کے لیے اربن فوریسٹ اور محکمہ جنگلات کے درمیان سمجھوتہ طے پا گیا۔

ہمارا بچپن تتلیوں کے پیچھے بھاگتے، آسمان میں رنگ بکھیرتے پرندوں کو دیکھتے اور گلہریوں کو پکڑنے کی کوششوں میں گزرا لیکن اب لگتا ہے کہ یہ سب چرند و پرند کراچی والوں سے روٹھ گئے ہیں۔

روٹھے بھی کیوں ناں؟ ترقی کے نام پر ہم نے ان کے آشیانے جو اکھاڑ دیے یہی وجہ ہے کہ کراچی فضائی مناظر میں کنکریٹ کا جال زیادہ اور سبزہ نہ ہونے کے برابر نظر آتا ہے۔ 

کراچی کا رقبہ 3 ہزار کلومیٹر ہے، ٹری کور بس ایک فیصد ہے لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ تتلیوں، پرندوں، گلہریوں کی واپسی کے لیے کراچی کا سبز احاطہ 25 فیصد تک لے جانے کیلئے بڑے پیمانے پر شجرکاری کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔

اربن فوریسٹ اور محکمہ جنگلات کے درمیان سمجھوتہ طے پا گیا ہے جس کے تحت تین کروڑ پودے محکمہ جنگلات فراہم کرے گا۔ اربن فوریسٹ نے رواں موسم بہار میں شجرکاری کا اعلان کیا ہے جس میں 7 کروڑ پودے لگانے کا ارادہ ہے جس سے شہر کی آب و ہوا میں بہتری آنے کی امید ہے۔

آلودہ فضا ہماری صحت کے لیے موسمیاتی تبدیلی کے اس دور میں سب بڑا خطرہ قرار دی جارہی ہے اور ایسے میں ماہرین کہتے کہ کراچی کے سبز احاطے میں کامیابی سے اضافہ ہوجاتا ہے تو آئندہ 5 سے 10 سالوں میں آب و ہوا میں بہتری آجائے گی۔

مزید خبریں :