Time 16 فروری ، 2023
پاکستان

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور قتل، ملزم نے بیوی بچوں کے سامنے گولی مار دی

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور قتل ، نارتھ کراچی میں اسٹریٹ کرمنلز نے مزمل کی بیوی سے پرس چھیننے کے بعد مزمل پر بیوی بچوں کے سامنے گولی چلادی، مقتول مزمل پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

خواجہ اجمیر نگری تھانے میں بہن کی مدعیت میں مقدمہ درج  کرلیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی سی سی ٹی وی حاصل کرنے کی کوشش میں ہے، رواں سال یکم جنوری سے آج تک کراچی ميں ڈکیتی مزاحمت پر 18 افراد قتل کیے جاچکے ہیں جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ 

پولیس کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر 2 میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ملزم کی فائرنگ سے مزمل نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ واقعے کے وقت مقتول بہن سے مل کر اپنی بیوی، بھانجی اور  2 بچوں کے ہمراہ موٹرسائیکل پرگھر جارہا تھا۔

مقتول کی بہن نے بتایا کہ مزمل 5 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، مزمل کے گھر تیسرے بچے کی پیدائش ہونے والی تھی۔

واقعے کے وقت مقتول مزمل کے ساتھ موجود اس کی بھانجی نے بتایا کہ سفید کپڑے پہنا ملزم پیدل آیا اور اس نے اسلحہ دکھاکر روکنے کی کوشش کی تھی۔ واقعے میں مزمل کے 2 بچے بھی گرنے سے زخمی ہوگئے۔

پولیس نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور اطراف میں سی سی ٹی وی کا جائزہ لے رہی ہے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاؤن غازی گوٹھ میں فہد نامی نوجوان سے اس کی نئی موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی گئی۔ فہد نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں فہد دو گولیاں لگنے سے شدید زخمی ہوگیا جوکہ بعد میں اسپتال میں دم توڑ گیا۔

ملزمان نے فرار ہوتے وقت فائرنگ کی جس سے سلیم نامی شہری اور چار سالہ بچی عاصمہ بھی زخمی ہوگئے۔

 واردات کے بعد ایک ملزم فرار ہوگیا جبکہ دوسرے کو موقع پر موجود لوگوں نے پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا۔

مزید خبریں :