16 دسمبر ، 2012
راولپنڈی/اسلام آباد…وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک بھارت سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں ، بھارت سے واپسی پرمیڈیاسے گفتگو کرتے ہو ئے ان کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام سے بلوچستان کے معاملے سمیت دیگر اہم امور پر گفتگوکی۔ان کا کہنا ہے کہ ان کادورہ بھارت میں واضح موقف تھا کہ حافظ محمد سعید کے خلاف بغیر ثبوت کارروائی نہیں کر سکتے،انہوں نے عدالتوں میں پیش ہو کرخود کو کلیئر کرایا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ دورہ بھارت کے دوران ویزا پالیسی کی ابتدا ء کی،ویزا پالیسی سے دونوں ممالک کے غریب عوام کا فائدہ ہوگا۔واہگہ بارڈرپرویزے کیلئے اسٹاف کو بڑھایا جارہا ہے،کرکٹ شائقین سے کہوں گا کہ ویزے کیلئے جلد درخواستیں دیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر طرح کی دہشت گردی کے خلاف ہے ،ہم نہیں چاہتے کہ دنیا میں نائن الیون،ممبئی حملے جیسے واقعات ہوں اور نہ ہی یہ چاہتے ہیں کہ بابری مسجد جیسے واقعات رونما ہوں ۔