دنیا
17 دسمبر ، 2012

مصر: اپوزیشن کا آئین اور ریفرنڈم کیخلاف کل ملک گیر احتجاج کا اعلان

مصر: اپوزیشن کا آئین اور ریفرنڈم کیخلاف کل ملک گیر احتجاج کا اعلان

قاہرہ … مصر کی اپوزیشن جماعتوں نے آئین اور ریفرنڈم کے خلاف کل (منگل کو) ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کردیا، مجوزہ آئین پر ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں حکومتی جماعتوں نے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مجوزہ آئین کے مسودے پر ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں حکومتی جماعتوں نے کامیابی کا دعویٰ کیا ہے تاہم مصری سرکاری ٹی وی کی ویب سائٹ نے غیر سرکاری نتائج بتاتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت قاہرہ کے 68 فیصد ووٹروں نے اس متنازعہ آئین کو مسترد کردیا ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ریفرنڈم کے دوران دھاندلی اور بے ضابطگیاں کی گئی ہیں، حزب اختلاف نے آئین اور ریفرنڈم کے خلاف منگل کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ محمد البرادعی اور امر موسیٰ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوٴں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریفرنڈم میں دھاندلی اور بے ضابطگیوں کے خلاف کل تحریر اسکوائر سمیت تمام شہروں میں بھرپور احتجاج کریں۔ اپوزیشن رہنماوٴں نے الیکشن کمیشن حکام سے ریفرنڈم کے پہلے مرحلے میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ ریفرنڈم کے ابتدائی نتائج میں 56.6 فیصد افراد نے مجوزہ آئین کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ مصر میں ریفرنڈم کے دوسرے مرحلے کی ووٹنگ 22 دسمبر کو 17 صوبوں میں ہوگی۔ صدر محمد مرسی اور دیگر اسلام پسند جماعتوں کا موٴقف ہے کہ ملک میں سیاسی اصلاحات کیلئے مجوزہ آئین کی منظوری ناگزیر ہے۔ مجوزہ آئین کی منظوری پر صدر محمد مرسی پارلیمان کے ایوان زیریں کے انتخابات کا اعلان کرینگے جبکہ ناکامی پر آئندہ 3ماہ کے دوران دستور ساز اسمبلی کے انتخابات کروائے جائیں گے۔

مزید خبریں :