سامان رکھنے کی بجائے آپ پلاسٹک بیگ کو ان کاموں کیلئے بھی استعمال کر سکتے ہیں

پلاسٹک بیگ کو پھینکنے کی بجائے ان کاموں کیلئے استعمال کریں / فائل فوٹو
پلاسٹک بیگ کو پھینکنے کی بجائے ان کاموں کیلئے استعمال کریں / فائل فوٹو

پلاسٹک بیگ کا استعمال تو دنیا بھر میں ہر جگہ ہوتا ہے (ماسوائے ان شہروں میں جہاں اس پر پابندی عائد ہو) اور گھروں میں وہ کافی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔

اکثر یہ پلاسٹک بیگ ضائع ہی ہوتے ہیں اور ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

مگر آپ پلاسٹک بیگز کو متعدد ایسے کاموں کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں جن کا آپ نے کبھی تصور بھی نہیں کیا ہوگا۔

گاڑی پر سفر کے دوران کچرے دان کے طور پر استعمال کریں

پلاسٹک بیگز کو گاڑیوں کے glove box میں رکھنے کے لیے زیادہ جگہ درکار نہیں ہوتی۔

گاڑی پر سفر کے دوران ان پلاسٹک بیگز کو کچرا دان کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے اور اس طرح گاڑی کو صاف رکھنا ممکن ہوجاتا ہے۔

سفر کے دوران نازک اشیا کو تحفظ

نازک اشیا جیسے سرامکس کی پلیٹوں یا دیگرکے درمیان پلاسٹک بیگ کو پھیلا کر ڈبوں میں رکھیں۔

ایسا کرنے سے سفر کے دوران ان اشیا کے آپس میں ٹکرانے اور ان کو نقصان پہنچنے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

سفری لانڈری بیگ

اگلی بار جب سوٹ کیس میں سامان کو رکھیں تو چند پلاسٹگ بیگز رکھنا مت بھولیں۔

یہ پلاسٹک بیگز گندے ملبوسات کو رکھنے کے کام آئیں گے، اس طرح صاف کپڑوں اور سامان کو الگ رکھنا ممکن ہوجائے گا۔

سرف کا استعمال

اگر سفر کے دوران کپڑے دھونے کا ارادہ ہو تو بازار سے سرف خریدنے کی بجائے پہلے سے اس کی تیاری کرلیں۔

اس مقصد کے لیے ایک پلاسٹک بیگ میں کچھ مقدار میں سرف کو بھرلیں اور بس۔

قیف (funnel) بنائیں

ایک چھوٹے پلاسٹک بیگ سے آسانی سے قیف کو تیار کیا جاسکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے پلاسٹک بیگ کو اس ڈبے میں ٹھونس دیں جس کے لیے قیف استعمال کرنا چاہتے ہیں اور اس کے نچلے حصے میں سوراخ کرکے مطلوبہ چیز ڈبے میں منتقل کردیں۔

مطلوبہ چیز منتقل کرنے کے بعد پلاسٹک بیگ کو نکال کر کچرے میں پھینک دیں۔

تالوں کو برف میں جمنے سے بچائیں

اگر آپ کے علاقے میں موسم اتنا سرد ہو کہ تالوں پر بھی برف جم جائے تو ایک پلاسٹک بیگ مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

تالے کو چھوٹے پلاسٹک بیگ میں رکھ کر استعمال کریں اور جمنے کے مسئلے کو بھول جائیں۔

کیک کو سجائیں

پیسٹری بیگز مہنگے ہوتے ہیں اور ان کی صفائی بھی مشکل ہوتی ہے۔

تو ایک سیل ہو جانے والے (seal able) پلاسٹک بیگ کو لیں۔

اس بیگ میں کیک کو سجانے والی کریم یا انڈوں کے مکسچر کو بھر کر اوپری حصے کو بند کریں، مگر پہلے ہوا نکالنا مت بھولیں۔

بیگ کے ایک کونے پر ایک سوراخ کرکے کریم یا مکسچر کو کیک پر استعمال کرنا آسان ہوجائے گا۔

بچوں کے لیے کچن میں استعمال ہونے والے دستانے بنائیں

کچن کے کاموں میں معاونت کسے پسند نہیں ہوتی مگر جب بچے وہاں کوئی کام کرتے ہیں تو ان کے ہاتھ گندے ہوجاتے ہیں جبکہ ہاتھوں کے نشانات جگہ جگہ نظر آنے لگتے ہیں۔

تو اس مسئلے سے بچنے کے لیے چھوٹے پلاسٹک بیگز بچوں کے ہاتھوں میں چڑھا کر کام کرنے دیں، ان 'دستانوں' کو تلف کرنا یا صاف کرنا بہت آسان ہوتا ہے۔

ہاتھوں پر چپک جانے والی ساحلی ریت کی صفائی

اگر آپ ساحل پر تفریح کررہے ہیں اور کھانے کا وقت ہوگیا ہے تو پانی سے مدد لینے کی بجائے ہاتھوں پر چپکی ریت کو پلاسٹک بیگ سے بھی ہٹا سکتے ہیں۔

اس مقصد کے لیے پلاسٹک بیگ کے اندر کچھ مقدار میں بے بی پاؤڈر چھڑک دیں اور پھر ہاتھوں کو پلاسٹک بیگ کے اندر داخل کردیں۔

چند سیکنڈ بعد ہاتھوں کو باہر نکال کر ایک دوسرے سے ملا کر رگڑنے سے چپکی ہوئی ریت غائب ہوجائے گی۔

گاڑی میں سفر کے دوران متلی کا علاج

کسی بچے یا بڑے کی جانب سے گاڑی میں سفر کے دوران قے کرنے اور پھر صفائی کا خیال ہی خوفزدہ کردینے والا ہوتا ہے۔

اس مقصد کے لیے ایک سیل ہوجانے والے پلاسٹک بیگ میں کچھ مقدار میں روئی رکھیں اور اس پر لیونڈر آئل کی چند بوندیں چھڑک دیں۔

جب کسی کو متلی کی شکایت ہو تو اس پلاسٹک بیگ کو کھول کر سونگھنے سے حالت بہتر ہوجائے گی۔

قیمتی اشیا کا تحفظ

کسی جھیل، دریا، سوئمنگ پول یا سمندر پر جانے والے ہیں؟ تو اپنے سامان جیسے موبائل فون اور چابیوں کو ایک سیل ہو جانے والے پلاسٹک بیگ میں رکھ دیں۔

سامان رکھنے کے بعد پلاسٹک بیگ کو سیل کرنے سے قبل اس میں ہوا بھر دیں، جس سے اشیا پانی میں محفوظ رہتی ہیں، جبکہ پانی میں گرنے کے بعد بھی پلاسٹک بیگ ڈوبتا نہیں بلکہ ہوا کے باعث اوپر تیرنے لگتا ہے۔

ٹوٹنے والی اشیا کا تحفظ

آسانی سے ٹوٹ جانے والی چھوٹی اشیا کو کسی جگہ رکھنے سے پہلے ایک پلاسٹک بیگ میں رکھ دیں اور پھر بیگ کو بند کرنے سے قبل ہوا بھر دیں۔

بیگ میں موجود ہوا ان اشیا کے لیے ڈھال کی طرح کام کرے گی۔

کھانے پکانے کے تیل کو تلف کریں

کچن کے سنک کو کھانا پکانے کے تیل سے بند ہونے سے بچانا چاہتے ہیں؟ تو ایک سیل ہوجانے والے پلاسٹک بیگ کا استعمال کریں۔

تیل کو سنک میں انڈیلنے کی بجائے اس بیگ میں بھر کر کچرے میں پھینک دیں۔

مزید خبریں :