06 مارچ ، 2023
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم ملتان سلطانز کے بولر اسامہ میر کا کہنا ہے کہ میچ میں 5 وکٹ ملیں، ایک وکٹ ملے یا کوئی وکٹ بھی نہ ملے، اہم بات یہ ہے کہ بولنگ ایسی کرائی جائے کہ جس سے ٹیم کو فائدہ ہو۔
اسلام آباد میں ملتان سلطانز کے پریکٹس سیشن کے موقع پر جیو نیوز کو انٹرویو میں اسامہ میر کا کہنا تھا کہ ان کا یہ سیزن کافی اچھا جارہا ہے، ڈومیسٹک میں شاندار بولنگ ہوئی، ون ڈے ڈیبیو بھی ہوا اور پی ایس ایل بھی زبردست جارہا ہے، وہ کافی پر اعتماد محسوس کر رہے ہیں جس کی وجہ سے کارکردگی بھی کافی اچھی ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو اعتماد اس سیزن کے اسٹارٹ میں حاصل ہوا تھا کوشش ہے کہ اس اعتماد کو ہی جاری رکھیں اور اچھی سے اچھی پرفارمنس دیں۔
اسامہ میر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ نوجوان کرکٹرز کیلئے کافی اچھا موقع ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ میں اچھی پرفارمنس دیں اور انٹرنیشنل ٹیم میں جگہ حاصل کریں، ان کا ہدف بھی یہ ہے کہ پی ایس ایل میں شاندار بولنگ کرائیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ بات مانتے ہیں کہ ایک کرکٹر ساری زندگی کچھ سیکھتا رہتا ہے، وہ بھی ہر موقع پر سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستان سپر لیگ کھیل کو نکھارنے کا اچھا موقع ہے اور ان کی کوشش ہے کہ وہ ٹیم میں شامل تجربہ کار کھلاڑیوں سے کھیل کو پرکھنے اور پریشر کو ہینڈل کرنے کے گر سیکھیں تاکہ یہ چیزیں مستقبل میں ان کے کام آسکیں۔
ایک سوال پر اسامہ میر نے کہا کہ وہ میچ اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق بولنگ کرانے کی کوشش کرتے ہیں، میچ میں وکٹ ملے نہ ملے، ایک وکٹ ہو، پانچ ہو یا کوئی وکٹ نہ ہو ، اہم بات یہ ہے کہ بولنگ ایسی کرائی جائے جس سے ٹیم کو فائدہ ہو اور جیت میں حصہ بنے۔
انہوں نے کہا کہ ایک پلیئر کے ہاتھ میں ہے کہ وہ ہر میچ میں اپنا بہترین دے اور یہی ان کی کوشش ہے، آگے سلیکٹرز جس کو سلیکٹ کریں یہ سلیکٹرز کا کام ہے، اسامہ میر کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان دنوں وہ بہترین اعتماد میں ہیں اور اچھی بولنگ کررہے ہیں اگر افغانستان اور نیوزی لینڈ سے سیریز میں بھی موقع ملا تو وہ بہترین پرفارمنس دیں گے۔
اسامہ میر نے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کی تعریف کی اور کہا کہ رضوان بطور کپتان کسی پلیئر کا مورال نہیں گرنے دیتے، جس کی مثال کراچی کنگز کیخلاف میچ ہے کہ جس میں رضوان نے دو بڑی ہِٹ کے باوجود بھی آخری اوور میں عباس آفریدی کو سپورٹ کیا۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ محمد رضوان میں بہترین کپتان کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان سلطانز کی نظریں اب اگلے میچ پر ہیں، اسلام آباد یونائیٹڈ اچھی ٹیم ہے اور سب اس کے کھیل کے انداز سے واقف ہیں، اچھی بات یہ ہے کہ ملتان کے پاس بھی ٹم ڈیوڈ آچکے ہیں، ملتان کی کوشش ہوگی کہ پچھلے میچ کی غلطیاں نہ دہرائیں اور اس میچ میں کامیابی حاصل کریں۔