دنیا
Time 09 مارچ ، 2023

بھارتی فوج نے اپنے ہی گاؤں پر مارٹرگولہ پھینک دیا، 3 دیہاتی ہلاک

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

بھارتی فوج نے نا تجربہ کاری کی ایک اور مثال قائم کردی، ٹریننگ کے دوران اپنے ہی گاؤں پر مارٹر گولہ پھینک دیا جس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ بدھ کو  ٹریننگ سیشن کے دوران فائر کیا گیا بھارتی فوج کا مارٹر گولہ  ہدف کے بجائے ریاست بہار کے گاؤں کے ایک گھر پر گر کر پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک نوجوان جوڑا اور  پڑوسی ہلاک ہو گئے۔

یہ گاؤں بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے 120 کلومیٹر جنوب میں بھارتی فوج کی فائرنگ رینج کے قریب واقع ہے۔

رپورٹس کے مطابق گولے کے پھٹنے کی وجہ سے ہلاک ہونے والا جوڑا ریاست بہار کے گاؤں گلوارڈ میں ہولی کا تہوار منانے کے لیے جا رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔

بھارتی فوج کا مارٹر گولہ گھر کے صحن میں گرنے سے دو دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔بھارت کی فوج نے فوری طور پر اس واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سے قبل گزشتہ سال بھی فائرنگ رینج کے قریب ایک شہری اس وقت ہلاک ہوا تھا جب مارٹر گولہ ملنے کی صورت میں وہ اسے فروخت کرنے کے لیے اس میں سے پیتل نکالنے کی کوشش کررہا تھا کہ گولہ پھٹ گیا۔

مزید خبریں :