10 مارچ ، 2023
حساس اداروں نے الیکشن کمیشن کو موجودہ حالات میں شیڈول انتخابات نہ کرانے کی تجویز دیدی۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی جانب سے الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے دوران سکیورٹی صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے حساس اداروں کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکیورٹی تھریٹ الرٹ گزشتہ سال کی نسبت بہت زیادہ ہے، سکیورٹی تھریٹس بہت زیادہ اور شدت کے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ حساس اداروں نے الیکشن کمیشن کو تجویز دی ہے کہ موجودہ صورت حال میں حالیہ شیڈول کیے گئے الیکشن نہ کرائے جائیں۔
الیکشن کمشن میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی اندرونی کہانی
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے اجلاس میں آئی ایس آئی اور آئی بی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کی مخالفت کر دی۔
ذرائع کے مطابق حساس اداروں کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ عمران خان، بلاول بھٹو اور مولانافضل الرحمان کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں، دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے انٹیلی جنس حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ انتخابات کے نتائج کسی ایک جماعت نے ماننے سے انکار کیا تو نیا تنازع بھی پیدا ہو سکتا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات کے لیے 30 اپریل کی تاریخ کا اعلان کر چکا ہے اور الیکشن شیڈول بھی جاری ہو چکا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے لیے الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو حتمی مشاورت کے لیے 14 مارچ کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔