19 دسمبر ، 2012
چارسدہ … چارسدہ کی تحصیل شب قدر کے علاقے مازارے میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے پولیو سپروائز کو ڈرائیور سمیت قتل کردیا، پشاور اور نوشہرہ میں بھی پولیو ٹیموں پر حملوں میں ایک اہلکار شدید زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق چارسدہ کی تحصیل شب قدر کے علاقے مازارے میں نامعلوم افرادنے خاتون پولیو سپروائز کی گاڑی پر فائرنگ کی ، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سپروائز اور ان کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق واقعہ تھانہ بٹہ گرام کی حدود میں پیش آیا جبکہ انسداد پولیو مہم کی دو ٹیموں پر بھی دیگر علاقوں میں فائرنگ کی گئی ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق خواتین پولیو ورکرز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ پولیو مہم میں حصہ لینے پر انہیں قتل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ آج صبح خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت دیگر شہروں میں بھی پولیو ٹیموں پر حملے کئے گئے ہیں جس کے نتیجے میں پشاور میں ایک پولیو اہلکار سر میں گولی لگنے کے باعث شدید زخمی ہوا جسے تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچایا گیا۔