19 دسمبر ، 2012
اسلام آباد … عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں اپنے فیلڈ اسٹاف کو کام سے روک دیا ہے، یہ احکامات ملک میں پولیو ورکرز پر حملوں کے باعث دیئے گئے ہیں۔ پاکستان میں پولیو ٹیموں پر حملوں کے باعث عالمی ادارہ صحت نے اپنے فیلڈ اسٹاف کو کام بند کرنے کی ہدایت کردی۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ فیلڈ اسٹاف اگلے احکامات جاری ہونے تک کام بند رکھیں۔ واضح رہے کہ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں انسداد پولیو ٹیم کے اہلکاروں پر حملے جاری ہیں، چارسدہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے لیڈی پولیو سپروائزر کو ڈرائیور سمیت قتل کردیا جس کے بعد علاقے میں پولیو مہم بند کردی گئی جبکہ پشاور میں خواتین اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے میں ایک ورکر شدید زخمی ہوا۔ اس کے علاوہ چارسدہ اور نوشہرہ میں بھی پولیو ٹیموں پر حملے کئے گئے ہیں جن میں خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس سے قبل گزشتہ روز بھی کراچی میں انسداد پولیو مہم میں شامل خواتین پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں 4 خواتین جاں بحق ہوئی جبکہ پشاور میں ایک 14 سالہ پولیو ورکرکوقتل کیا گیا تھا۔دوسری جانب وزیر صحت سندھ نے خواتین پولیو ورکرز پر حملوں کے بعد پولیو مہم بند کرنے کا اعلان کردیا تھا۔