12 مارچ ، 2023
کراچی میں رمضان کی آمد سے قبل ہی گداگروں نے بھی بڑی تعداد میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
رمضان کی آمد سے قبل ہی اندرون سندھ اور پنجاب کے مختلف علاقوں سے آنے والے گداگر شہر میں مختلف مقامات پر بسنا شروع ہوجاتے ہیں۔
کراچی میں گداگروں کی بستیوں میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے، شہر کے چوراہوں، سگنلز اور سڑکوں سمیت فٹ پاتھوں پر نظر آنے والے بھکاریوں کی روک تھام کے لیےکوئی حکمت عملی موجود ہی نہیں۔
سپر ہائی وے اور شہر کے مختلف علاقوں میں آباد گداگر شہر کے مختلف سگنلز، پیٹرول پمپس اور بازاروں سمیت فٹ پاتھوں پر بھیک مانگتے نظر آتے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہےکہ بھکاریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث ہوٹلز سمیت کسی بھی جگہ سکون سے بیٹھ نہیں سکتے ۔
بھکاریوں کی تعداد شہر میں کتنی ہے، اس حوالے سے حکومت کے پاس بھی کوئی مکمل معلومات نہیں لیکن ایک بات واضح ہےکہ بڑے پیمانے پر اب یہ کاروبار بن چکا ہے۔