19 دسمبر ، 2012
کراچی … کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائرکے قریب سرچ آپریشن کے دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق پولیو ورکرز پر فائرنگ کے ملزمان اور غیر ملکیوں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس اور رینجرز کی جانب سے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔ سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب پولیس اور رینجرز نے سرچ آپریشن کرکے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا، اس دوران پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جس میں 2 ملزمان ہلاک ہوگئے، جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ پولیس کی بھاری نفری نے سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر کے قریب سرچ آپریشن کے دوران متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن پولیو ورکرز کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعے کے بعد کیا جارہا ہے۔ پولیس کی جانب سے علاقے کو مکمل گھیرے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ بکتر بند گاڑیاں بھی استعمال کی جارہی ہیں۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران مختلف مقامات سے فائرنگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔