14 مارچ ، 2023
وفاقی دارالحکومت میں ڈاکوؤں نے موبائل چھنیننے کی واردات کے دوران نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
بیرون ملک زیر تعلیم حسنین عباس اہل خانہ کے ہمراہ گلی میں چہل قدمی کر رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار ڈاکو مزاحمت پر گولیاں مار کر فرار ہو گئے۔
واقعہ اسلام آباد کے سیکٹر جی 13 میں پیش آیا، حسنین اپنی بہن اور کزنز کے ساتھ گلی میں واک کر رہا تھا۔
پولیس حکام کہتے ہیں کہ سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے ملزمان کی تلاش جاری ہے ۔
جارجیا میں زیر تعلیم حسنین عباس چھٹیاں گزارنے اپنے گھر اسلام آباد آیا ہوا تھا۔
تھانہ گولڑہ کی حدود جی 13 میں سر شام اپنی بہن اور دو کزنز کے ساتھ اپنے گھر کے سامنے والی گلی میں چہل قدمی کر رہا تھا کہ لال رنگ کی موٹر سائیکل پر سوار دو ڈاکو آ گئے جنہوں نے اپنے چہرے کپڑے سے ڈھانپ رکھے تھے۔
حسنین نے موبائل چھیننے کے دوران مزاحمت کی اور مبینہ طور پر ڈاکو کے ہاتھ سے پستول چھیننے کی کوشش کی، اسی دوران ڈاکو نے فائرنگ کر دی، حسنین کو زخمی حالت میں اسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔
مقتول کے والد کا کہنا ہے کہ نہ لڑائی نہ کسی سے کوئی جھگڑا، بے گناہ میرے بچے کو قتل کیا گیا، موبائل چھیننے کے بعد بھی فائر مار دیا۔
22 سال کے نوجوان حسنین کے قتل پر اہل علاقہ شدید رنج و غم کا شکار ہیں ، کہتے ہیں اسٹریٹ کرائمز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور سکیورٹی کے انتظامات انتہائی ناقص ہیں۔
مقتول کے والد نے حکومت اور اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے ، صرف مقدمے کا اندراج کافی نہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے ۔