Time 15 مارچ ، 2023
پاکستان

سیشن کورٹ میں عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست دائرکرکے واپس لےلی گئی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام  آباد میں  توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی وارنٹ منسوخی کی درخواست  دائر کرکے واپس لے لی گئی۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال کی عدالت میں وکیل فیصل چوہدری پیش ہوئے اور عمران خان کی طرف سے وارنٹ منسوخی کی درخواست دائر کردی۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ کسی کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے دیگر شہریوں کی زندگیاں تو خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتیں، وارنٹ کا اختیار کیا ہے؟ کون جاری کرسکتا ہے؟ ہم وارنٹ معطل کرنےکی بات کر رہے، عمران خان لکھ کر دینے کو تیار ہیں کہ عدالت میں پیش ہوں گے،  عدالت نے دیکھنا ہےکہ عمران خان کے خلاف مقدمےکا کیس نہیں، شکایت کا کیس ہے۔

جج کا کہنا تھا کہ تین سال سے کم سزا پر قابل ضمانت وارنٹ جاری ہوتے ہیں، توشہ خانہ کیس میں3 سال کی سزا ہوسکتی ہے۔

فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ زمان پارک پر سکیورٹی مامور ہے، عمران خان کہہ رہے ہیں کہ میں عدالت آنا چاہتا ہوں، عمران خان کو عدالت پیش ہونےکا سیف ایگزٹ دیں، عمران خان کو 18 مارچ کو سیشن عدالت نے بلایا ہے، چار دن پہلے گرفتار کرکے عمران خان کو کہاں رکھا جائےگا؟ ہیلی کاپٹرعمران خان کی رہائش گاہ پرپہنچا ہوا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ میں وارنٹ منسوخ کرنےکی درخواست دائر ہوئی لیکن مقرر نہیں ہوئی، ایسا ماحول تو مارشل لاء میں بھی نہیں ہوا۔

وکیل فیصل چوہدری نے وارنٹ منسوخی کی درخواست سیشن عدالت سے واپس لے لی، ان کا کہنا تھا کہ  اسلام آباد ہائی کورٹ میں وارنٹ منسوخی کی درخواست زیر التوا ہے، فیصلہ  آنے تک  درخواست واپس لیتے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے درخواست واپس لینے کی اجازت دے دی۔

خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس میں ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے ہی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے4 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔

مزید خبریں :