Time 15 مارچ ، 2023
پاکستان

ڈومیسائل کا فرق واضح ہے، جو کچھ عمران کر رہے، ہم کرتے تو مائیں ہمیں تلاش کررہی ہوتیں: خالد مقبول

اگر حقیقی جیل ہو تو جیل جانے والا لیڈر بنتا ہے جبکہ سہولتوں سے آراستہ دو نمبر جیل ہو تو لیڈر بھی دو نمبر بنتا ہے: کنوینر ایم کیو ایم— فوٹو: فائل
اگر حقیقی جیل ہو تو جیل جانے والا لیڈر بنتا ہے جبکہ سہولتوں سے آراستہ دو نمبر جیل ہو تو لیڈر بھی دو نمبر بنتا ہے: کنوینر ایم کیو ایم— فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ڈومیسائل کا فرق واضح ہے، جو کچھ عمران خان کر رہے ہیں ہورہا ہے، اس کا 10 فیصد بھی ہم کرتے تو آج ہماری مائیں ہمیں تلاش کررہی ہوتیں۔

ضلع کورنگی میں صفائی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ دو اضلاع میں ایم کیو ایم کے ایڈمنسٹریٹر ہیں جہاں عوامی مسائل حل ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں، گزشتہ 14 سال سے کراچی کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ملک کو چلانے والے شہر کو تعصب اور لاشوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔

انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر حقیقی جیل ہو تو جیل جانے والا لیڈر بنتا ہے جبکہ سہولتوں سے آراستہ دو نمبر جیل ہو تو لیڈر بھی دو نمبر بنتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ جو کچھ عمران خان کر رہے ہیں، اس کا 10 فیصد بھی ہم کرتے تو آج ہماری مائیں بہنیں ہمیں تلاش کررہی ہوتیں، یہ فرق اہل کراچی کو پتہ ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم لاہور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ گزشتہ روز سے زمان پارک پر موجود ہے جہاں اسے پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے پتھراؤ سے درجنوں پولیس اور رینجرز اہلکار زخمی ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :