22 فروری ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کوفون کرکے انہیں ایم کیوایم کے زیراہتمام کراچی میں ہونے والے خواتین کے تاریخی جلسہ عام کی مبارکبادپیش کی۔وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے الطاف حسین سے کہاکہ ایسے حالات میں آپ نے خواتین کااتنابڑاجلسہ منعقد کرکے بہت بڑاکارنامہ انجام دیاہے جس پر آپ اورآپ کی پارٹی کے تمام کارکنوں کومبارکبادپیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ جلسہ عام میں اتنی کثیر تعداد میں خواتین کاجمع ہونا ملک کیلئے امید کی کرن ہے۔ الطاف حسین نے وزیراعظم کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ میں چاہتاہوں کہ اسمبلیاں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں اورجبرو تشددکے خاتمہ کیلئے قوانین بنائیں اوران پر سختی سے عمل ہو اورخواتین کوان کے حقوق ملیں۔ وزیراعظم نے الطاف حسین کوبتایاکہ ہم اس سلسلے میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکرپارلیمنٹ میں آئینی ترامیم کررہے ہیں اورہماری کوشش ہے کہ جن علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکاجاتاہے وہاں بھی انہیں تحفظ حاصل ہو۔ الطا ف حسین نے وزیراعظم کی کوششوں کوسراہااورموجودہ حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں ان کی جرات وبہادری کوبھی سراہا۔