22 فروری ، 2012
مظفرآباد … آزاد کشمیر سمیت ملک کے تمام بالائی علاقوں میں سردی نے بدستور ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ مالاکنڈ ڈویژن میں چار روز سے بارش اور برف باری کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ہیں۔کالام، میاندم اور مالم جبہ سمیت مالاکنڈ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری جبکہ مینگورہ سمیت میدانی علاقوں میں چار روز سے ہونے والی بارش کی وجہ سے ڈویژن کے تمام علاقے سردی کی لپیٹ میں ہیں اور لوگ گھروں تک محدودہوکررہ گئے ہیں۔گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں جاری برفباری تھم گئی ہے۔ تاہم یخ بستہ ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں۔ ہنزہ میں عطاآباد جھیل کا پانی جم جانے سے کشتی سروس بھی تعطل کا شکار ہے۔چمن پشین زیارت کان مہتر زئی میں ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری رک گئی ہے۔ تاہم سردی کی شدت برقرار ہے۔ہزارہ ڈویژن اور مظفر آباد سمیت آزاد کشمیرکے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی ابر آلود ہے۔ وادی نیلم ،لیپا اور گریز سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برفباری کی وجہ سے سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔