20 دسمبر ، 2012
اسلام آباد … سپریم کورٹ نے پیمرا کے قائم مقام چیئرمین ڈاکٹر عبدالجبار کو کام سے روک دیا۔ سپریم کورٹ میں حامد میر کی جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے ڈاکٹر عبدالجبار کو بطور قائم مقام چیئرمین پیمرا کام کرنے سے روک دیا ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال ہوگئے چیئرمین پیمرا کی تقرری نہیں ہوسکی، ڈاکٹر عبدالجبار کو صرف دیکھ بھال کا کہا گیا تھا وہ دھڑا دھر آرڈر کرتے جارہے ہیں۔ جسٹس جواد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عبدالجبار قائم مقام کے طور پر کام نہیں کرسکتے۔ عدالت نے اس کے بعد سماعت ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جیو نیوز کے اینکر حامد میر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے ہمارے موٴقف کو تسلیم کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا کو کام سے روک دیا ہے۔