پاکستان
20 دسمبر ، 2012

سینیٹ: انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کیخلاف متفقہ قرار داد منظور

سینیٹ: انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کیخلاف متفقہ قرار داد منظور

اسلام آباد … ملک بھر میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کے خلاف سینیٹ میں مذمتی قرار داد منظور کرلی گئی، متفقہ قرار داد قائد ایوان جہانگیر بدر نے پیش کی۔ سینیٹ کا اجلاس چیئرمین فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت جاری ہے۔ اجلاس میں انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں کے خلاف مختلف جماعتوں کے ارکان کے دستخطوں سے متفقہ قرار داد پیش کی گئی جسے ایوان نے منظور کرلیا، قرار داد قائد سینیٹر ایوان جہانگیر نے پیش کی۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پولیو ٹیموں پر حملوں میں ملوث افراد کو فوراً گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ ہمارے بچوں کے تحفظ کیلئے انسداد پولیو مہم جاری رہنی چاہئے جبکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں انسداد پولیو مہم میں شریک افراد کا تحفظ کریں۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ انسداد پولیو ٹیموں پر حملوں میں جاں بحق و زخمی افرادکے لواحقین کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔ اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں وزراء کی عدم موجودگی پر ارکان نے احتجاج کیا۔ پیپلزپارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم وزراء کو یرغمال نہیں بناسکتے، رولز آفس بزنس ٹھیک ہیں، وزراء کو ذمہ دار بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام وزراء سینیٹ اور قومی اسمبلی میں جوابدہ ہیں، غیر حاضر وزراء کی عارضی طور پر رکنیت معطل کی جائے۔

مزید خبریں :