دنیا
Time 21 مارچ ، 2023

اس سال سب سے طویل اور مختصر روزے کن ممالک میں ہوں گے؟

رمضان کا آغاز ہونے والا ہے / اے ایف پی فوٹو
رمضان کا آغاز ہونے والا ہے / اے ایف پی فوٹو

رمضان المبارک کا آغاز ہونے والا ہے اور دنیا بھر کے مسلمان اپنی مقامی وقت کے مطابق روزے رکھیں گے۔

اس سال دنیا کے بیشتر حصوں میں رمضان کا آغاز 23 مارچ سے ہونے کا امکان ہے، تاہم اس کا فیصلہ رویت ہلال سے ہی ہوگا۔

ہر ملک میں سحر و افطار کے اوقات مختلف ہوتے ہیں جس کا انحصار سورج طلوع اور غروب ہونے پر ہوتا ہے۔

اس سال دنیا کے مختلف ممالک میں روزے کا دورانیہ ساڑھے 11 سے 17 گھنٹے کے قریب ہوگا۔

تو کن ممالک میں روزے کا دورانیہ سب سے زیادہ یا کم ہوگا؟ اور پاکستان ان ممالک میں کہاں موجود ہے؟

وہ ممالک جہاں روزوں کا دورانیہ سب سے کم ہوگا

جنوبی نصف کرے میں واقع لاطینی امریکی ملک چلی میں روزے کا دورانیہ دنیا میں سب سے کم ہوگا۔

اس ملک میں روزے کا اوسط دورانیہ 11 گھنٹے 30 منٹ طویل ہوگا۔

اس کے بعد جنوبی افریقا، ارجنٹینا، نیوزی لینڈ، پیرا گوئے اور یورو گوئے وہ ممالک ہیں جہاں روزوں کا دورانیہ 11 سے 12 گھنٹے ہوگا۔

برازیل، زمبابوے اور انڈونیشیا میں یہ دورانیہ 12 سے 13 گھنٹے جبکہ سنگا پور، ملائیشیا، سوڈان اور یمن میں یہ دورانیہ 13 سے 14 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

روزے کے طویل ترین دورانیے والے ممالک

یورپی ملک آئس لینڈ کے بیشتر حصوں میں روزوں کا دورانیہ سب سے طویل ہوگا جو 16 گھنٹے 50 منٹ تک ہوگا۔

اس کے بعد گرین لینڈ، فرانس، پولینڈ اور انگلینڈ ایسے ممالک ہیں جہاں روزوں کا دورانیہ 16 سے 17 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

یونان، پرتگال، چین، امریکا، ترکیہ، کینیڈا اور شمالی کوریا میں یہ دورانیہ 15 سے 16 گھنٹوں کے درمیان ہوگا۔

پاکستان، جاپان، ایران، عراق، شام، فلسطین، بھارت، متحدہ عرب امارات، قطر اور سعودی عرب میں روزے کا دورانیہ 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوگا۔

ان ممالک میں کیا ہوگاجہاں سورج کی روشنی پورے دن برقرار رہتی ہے؟

ایسے ممالک جہاں سورج طلوع اور غروب ہونے کے درمیان 3 گھنٹے سے بھی کم وقت ہوگا، وہاں کے مسلمان رہائشی دیگر ممالک کے شیڈول پر عمل کریں گے۔

جیسے وہاں کے رہائشی مکہ مکرمہ کے سحر اور افطار کے شیڈول پر عمل کر سکیں گے۔

خلا میں مسلمان روزہ کیسے رکھتے یا افطار کرتے ہیں؟

متحدہ عرب امارات کے ایک خلاباز سلطان Al Neyadi اس وقت انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر موجود ہیں اور وہ رمضان کا مہینہ وہاں گزاریں گے۔

آئی ایس ایس زمین کے گرد 17 ہزار 500 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چکر لگاتا ہے اور وہاں رہنے والے دن بھر میں 16 بار سورج کو طلوع اور غروب ہوتے دیکھتے ہیں۔

تو وہاں موجود یو اے ای کے خلا باز جی ایم ٹی ٹائم زون یا مکہ کے ٹائم کے مطابق سحر اور افطار کریں گے۔

مزید خبریں :