پاکستان
20 دسمبر ، 2012

سی این جی قیمت کیس، سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا، کل سنایا جائیگا

سی این جی قیمت کیس، سپریم کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا، کل سنایا جائیگا

اسلام آباد … سپریم کورٹ میں سی این جی کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہوگئی ، عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا کل سنایا جائے گا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں سپریم کور ٹ کا 2 رکنی بینچ سی این جی کی قیمتوں سے متعلق کیس کی سماعت کر رہا تھا۔ جس میں سی این جی ایسو سی ایشن نے مطالبہ کیا تھا کہ سی این جی کی قیمت 73 روپے فی کلو مقرر رکھی جائے ، تاہم سپریم کورٹ نے اوگرا کے کام میں مداخلت سے انکار کردیا تھا۔ اب سپریم کورٹ نے سی این جی کی قیمتوں سے متعلق کیس پر سماعت مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ عدالت کا کہنا ہے کہ فیصلہ کل سنایا جائے گا۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا دوران سماعت کہنا تھا کہ 5 سال ہو گئے مگر سی این جی مالکان نے شرائط پوری نہیں کیں، آج کوئی حکم جاری کیا جائے گا۔ سیکریٹری پیٹرولیم نے عدالت کو بتایا تھا کہ ای سی سی کے اجلاس میں وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور حکومت کو بھی قیمتوں پر تشویش ہے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کا کہنا تھا کہ عدالت نے سی این جی سے متعلق کوئی حکم امتناعی جاری نہیں کیا، اوگرا کو کہا ہے کہ وہ اپنا کام کرے، عدالت اس کے کام میں مداخلت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ملک بھر میں سی این جی کے معاملے پر بحث چھڑ گئی اور بیان بازی جاری ہے ، عدالت کسی بیان سے متاثر ہو کر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی بلکہ حقائق کو سامنے رکھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب عدالتی کارروائی کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی این جی ایسو سی ایشن کے چیئرمین غیاث پراچہ نے ایس این جی پی ایل سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں غیر قانونی طور پر بند کئے گئے 700 کے قریب سی این جی اسٹیشنز کھولے جائیں اور گیس کی لوڈ شیڈنگ فوری طور پر ختم یا کم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا کو قیمت تجویز نہیں کررہے، اپنا خرچہ بتارہے ہیں۔

مزید خبریں :