20 دسمبر ، 2012
پشاور … تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک بار پاکستان میں کڑا احتساب ضرور ہو گا، موجودہ لوگ ایک دوسرے کا احتساب نہیں کر سکتے۔ وہ پشاور میں جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نظریاتی سیاست کی ضرورت ہے، مفاد پرستوں کیلئے تحریک انصاف میں کوئی جگہ نہیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ نواز شریف، زرداری اور اسفند یار ولی خدا کیلئے مفاد پرستوں کو تحریک انصاف سے لے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف فاٹا میں نیا قانون اور بلدیاتی نظام لائے گی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ایک بار پاکستان میں کڑا احتساب ضرور ہوگا، ڈاکووٴں کو این آر او دیا جاتا ہے تو وہ آکر اور ڈاکے ڈالتے ہیں، موجودہ لوگ احتساب نہیں کرسکتے کیونکہ یہ خود بندر بانٹ کرتے ہیں، کرپشن کرتے ہیں اور نورا کشتی کرتے ہیں۔