31 مارچ ، 2023
پشاور میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف خیبر پختونخوا اسمبلی کے باہر احتجاج کے دوران توڑپھوڑ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران ریڈ زون جانے کی کوشش کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں سے ہاتھاپائی بھی کی تھی۔
پشاور میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے کےدوران توڑپھوڑ کرنے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف تھانہ شرقی میں ایس ایچ او ارباب نعیم کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
ایف آئی ار کے مطابق احتجاجی مظاہرے میں پی ٹی آئی ورکرز کی تعداد 300 سے 400 تک تھی۔ مظاہرین میں سے تین کی شناخت ہوگئی ہے باقی کی شناخت کا سلسلہ جاری ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاجی ریلی کی شکل میں براستہ جیل روڈ اسمبلی چوک پہنچے۔ مظاہرین نے احتجاج کے دوران ریڈ زون جانے کی کوشش کی جبکہ چند کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ اور ہاتھا پائی بھی کی۔
ایف آئی آر کے مطابق مشتعل مظاہرین نے ایس پی سٹی کی گاڑی کے شیشوں سمیت روڈ کے کنارے حفاظتی خاردار جنگلے اورگیٹ کو بھی نقصان پہنچایا۔ اسی طرح پی ٹی آئی کارکنوں نے خیبرروڈ کو ساڑھے 4 گھنٹوں تک بند بھی رکھا۔