Time 07 اپریل ، 2023
پاکستان

کالعدم بی این اے کا بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام گرفتار

راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام کو گرفتار کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز  نے انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا، گلزار امام عسکریت پسند کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بی این اے، بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام سے وجود میں آئی تھی، بلوچ نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں میں ملوث ہے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہےکہ بلوچ نیشنل آرمی پاکستان میں درجنوں دہشتگرد حملوں کی ذمہ دار ہے، گلزار امام 2018  تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کا نائب بھی رہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گلزارامام بلوچ راجی آجوئی سانگرکی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا، وہ بلوچ راجی آجوئی سانگرکا آپریشنل سربراہ بھی رہا،گلزار امام کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ گلزارامام کو مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ایک کامیاب آپریشن کے بعد گرفتار کیا گیا، اس کی گرفتاری بی این اے اور دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بڑا دھچکا ہے، اس کے دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ روابط کی چھان بین کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :