08 اپریل ، 2023
پاکستان تحریک انصاف خیبر پختو نخوا کے سوشل میڈیا ٹیم کے آپریشن ہیڈ بلال احمد خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے ویڈیو بیان میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔
کچھ ماہ قبل پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سوشل میڈیا ٹیم کے آپریشن ہیڈ بننے والے بلال احمد نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے مجھے سوشل میڈیا ٹیم کے آپریشن ہیڈ کی ذمہ داری دی گئی تھی لیکن ذاتی اور کاروباری مصروفیات سمیت والدین کی صحت کے پیش نظر استعفیٰ دیتا ہوں۔
بلال احمد کی جانب سے ایک بیان حلفی بھی لکھا گیا ہے ، جس میں انہوں نے کہا کہ میں نے غلطی اور ناسمجھی میں فیس بک پر کچھ پوسٹیں لگائیں،اپنی پوسٹوں پر تہہ دل سے معذرت کرتا ہوں،آئندہ پاکستان کے اداروں کے خلاف پوسٹ نہیں لگاؤں گا۔
بیان حلفی میں بلال احمد نے مزید لکھا کہ فوج سمیت تمام اداروں کی قدر کرتا ہوں اور کرتا رہوں گا۔