12 اپریل ، 2023
کراچی کے جناح انٹرنشنل ائیرپورٹ کے فوڈ کاؤنٹرز پر نامناسب پیپر پلیٹ میں کھانا دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
کراچی کے جناح ٹرمینل پر ایک مسافر نے مخصوص میڈیکل پروڈکٹ کی پیکنگ سے بنی پیپر پلیٹ میں سینڈوچ کھاتے ہوئے پلیٹ پر پروڈکٹ سے متعلق لکھی تحریر نوٹ کی۔
مسافر نے پیپر پلیٹ اور فوڈ کاؤنٹر کی ویڈیو بنا کر وائرل کر دی۔ بارڈر ہیلتھ سروسز نے اس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے کنڈوم پیکنگ کی پیپر پلیٹ میں کھانے کی اشیا دینے والی کمپنی کے کراچی ائیرپورٹ پر تمام فوڈ کاؤنٹرز سیل کر دیے۔
ڈائریکٹر بارڈر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مرتضیٰ شاہ کا کہنا تھاکہ حفظان صحت کی خلاف ورزی پر کارروائی کی ہدایت وفاقی وزیر صحت کی جانب سے کی گئی تھی، اس معاملے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ائیر پورٹ منیجر کی بدترین غفلت بھی سامنے آئی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جناح ٹرمینل پر کئی دنوں سے ملکی اور غیر ملکی مسافروں کو اسی پیپر پلیٹ میں کھانے کی اشیا پیش کی جا رہی تھیں۔
اُدھر ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر قابل اعتراض تحریر والی پیپر پلیٹس استعمال کرنے والی کمپنی کے ڈومیسٹک اور بین الاقوامی سیٹلائٹ ایریا میں موجود تمام کاؤنٹرز سیل اور بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔