کھیل
Time 14 اپریل ، 2023

نیوزی لینڈ کو ہلکا نہیں لیں گے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے، عماد وسیم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کہنا ہے کہ  پی ایس ایل کی پرفارمنس کی بنیاد پر میرا کم بیک ہوا جو کہ بہت شاندار رہا، پروفیشنل کرکٹر کا یہی ہوتا ہے کہ اسے جو پلیٹ فارم ملے وہ اس میں پرفارم کرے تاکہ وہ موقع حاصل کر سکے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل لاہور میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ  پی ایس ایل ایک اہم لیگ ہے، اس کی پرفارمنس بڑی اہمیت کی حامل ہے، میرا مقصد یہی تھا کہ پرفارمنس اچھی ہو، اپنی پرفارمنس اچھی رہی بدقسمتی سے ٹیم نہ جیت سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب قومی ٹیم میں نہیں تھا تو کوشش یہی تھی کہ جہاں موقع ملے اچھے سے اچھا کروں اور پاکستان  ٹیم میں واپس آؤں، جو بھی ٹیم مجھے بلاتی ہے اس کی ضرورت پوری کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میں نے اس دوران کچھ خاص نہیں کیا، پی ایس ایل میں فائدہ یہ ہوا کہ میری اوپر بیٹنگ آئی۔

عماد وسیم نے کہا کہ  ورلڈکپ دور ہے ابھی لیکن ٹی ٹوئنٹی کا ہر میچ ہمارے لیے اہم ہے،  نیوزی لینڈ کے بڑے نام آئی پی ایل میں کھیل رہے ہیں لیکن پھر بھی ان کی ٹیم اچھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم جس طرح سری لنکا کے خلاف کھیلی وہ سب کے سامنے ہے، کیویز کو ہلکا نہیں لیں گے، اچھی کرکٹ کھیلیں گے، بڑے کھلاڑیوں کے نہ ہونے سے فرق پڑتا ہے ، وہ نیوزی لینڈ کے ہی نہیں ورلڈ کے سپر اسٹارز ہیں،  تمام کھلاڑی ڈومیسٹک میں پرفارم کر کے آتے ہیں اگر آپ ہلکا لیں گے تو آپ کا ہی نقصان ہو گا۔

عماد وسیم نے کہا کہ ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ پازیٹو رہیں، تگڑا کھیلیں، نتیجہ میرے لیے اہم نہیں ہے، اگر آپ پو ٹینشل کے مطابق کھیلیں تو ریزلٹ آپ کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس کی پرواہ نہیں کہ آگے کیا ہو گا، مجھے جو موقع ملا ہے اس سے فائدہ اٹھانا ہے، ریزلٹ اچھا ہو یا برا مجھے فرق نہیں پڑتا ،میں زیادہ نہیں سوچتا باہر جا کر اپنا سو فیصد دیتا ہوں، ساتھیوں کے لیے پازیٹو ماحول بنانے کی کوشش ہوتی ہے، میری یہی اپروچ رہی ہے اس کی وجہ سے کامیاب ہوں ،اس کو تبدیل نہیں کرنا چاہتا۔

واضح رہے کہ لاہور میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج رات نو بجے شروع ہو گا۔

مزید خبریں :