27 اپریل ، 2023
اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ اگر مفتی عبدالشکور زندہ ہوتے تو اعتماد کے ووٹ 181 ہوتے تاہم انہوں نے 180 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
اعتماد کے ووٹ کی قرار داد وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پیش کی اور اس موقع پر کہا کہ پاکستان کا ایوان آئین اور جمہوریت کے ساتھ کھڑا ہے، پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے چار تین کے اکثریتی فیصلے کے ساتھ کھڑی ہے، قومی اسمبلی شہباز شریف پر وزیراعظم کی حیثیت سے پورے اعتماد کا اظہار کرتی ہے۔
اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف راجا ریاض کی نشست پر جا کر ان کا شکریہ ادا کیا۔
جیو نیوز نے 24 اپریل کو اعتماد کا ووٹ لینے کی خبر نشر کی تھی لیکن مسلم لیگ ن نے خبر کی تردید کی تھی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعتوں کے ظہرانے میں مشاورت کی جس کے بعد انہوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے اتحادی ارکان اسمبلی سے مشاورت کی تو اتحادیوں نے انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے آپ کبھی بھی ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد ایسے لوگوں کو پیغام دینا ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم کمزور ہیں یا پارلیمنٹ وزیراعظم کے ساتھ نہیں ہے۔