Time 27 اپریل ، 2023
پاکستان

پی ٹی آئی کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا تھا اس لیے فواد اور شیریں گنتی میں کمزور ہیں: رانا ثنا

ووٹ چوروں کی گنتی ایسی ہی ہوتی ہے، آج آر ٹی ایس بیٹھا، نہ خفیہ رائے شماری ہوئی اور نہ خفیہ کیمرے پکڑے گئے: وزیر داخلہ۔ فوٹو فائل
ووٹ چوروں کی گنتی ایسی ہی ہوتی ہے، آج آر ٹی ایس بیٹھا، نہ خفیہ رائے شماری ہوئی اور نہ خفیہ کیمرے پکڑے گئے: وزیر داخلہ۔ فوٹو فائل

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور شیریں مزاری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے پی ٹی آئی کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا تھا اس لیے دونوں گنتی میں کمزور ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کے اعتماد کا ووٹ لینے پر فواد چوہدری نے کہا تھا شہباز شریف اراکین کی اکثریت کا اعتماد کھو چکے ہیں، 20 اراکین اسمبلی کا تعلق تحریک انصاف سے ہے، ان کا ووٹ وزیر اعظم کے حق میں شمار نہیں کیا جا سکتا، شہباز شریف کو 172کی بجائے 160 ارکان اسمبلی کی حمایت حاصل ہوئی، آج کا یہ ووٹ شہباز شریف کی بہت بڑی شکست ہے۔

فواد چوہدری اور شیریں مزاری کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا دونوں پی ٹی آئی رہنما گنتی اور رائے شماری میں کمزور ہیں کیونکہ پی ٹی آئی کے ووٹ کوئی اور پورے کرتا تھا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا انہیں گنتی نہیں صرف چالاکی آتی ہے، حکمران جماعتوں کے ووٹوں کی تعداد 180 ہے، پی ٹی آئی کا کوئی ووٹ اس میں شامل نہیں ہے، اسپیکر اپنا ووٹ بھی ڈالتے تو وزیراعظم شہبازشریف کے ووٹ 181 ہوتے۔

ان کا کہنا تھا اپوزیشن ارکان اپنی نشستوں پر بیٹھے تھے وہ فواد چوہدری اور شیریں مزاری کو نظر نہیں آئے، ووٹ چوروں کی گنتی ایسی ہی ہوتی ہے، آج آر ٹی ایس بیٹھا، نہ خفیہ رائے شماری ہوئی اور نہ خفیہ کیمرے پکڑے گئے، ووٹ چور ایوان سے باہر نکل کر اب درست گنتی گننے کے قابل بھی نہیں رہے، اللہ نے چاہا تو باقی عمر لوٹوں اور لوٹیوں کی گنتی گنتے ہی گزرے گی۔

مزید خبریں :