22 فروری ، 2012
کراچی…کراچی کے علاقے نیلم کالونی کے رہائشی مقتول ناصر خان کے اہل خانہ اور معصوم بچوں نے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کلفٹن تھانے کا گھیراوٴ کیا۔مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایاجائے۔کلفٹن کے علاقے نیلم کالونی میں دکان کے آگے سوزوکی پک اپ کھڑی کرنے کے تنازعے کے باعث مقتول ناصر خان لوہے کی راڈ کے وار سے 20جنوری کو شدید زخمی ہوا اور 25جنوری کودوران علاج چل بسا۔مقتول ناصر کے اہل خانہ نے جیونیوز کو بتایا کہ قتل کا مقدمہ ملزم جمعہ خان اور دیگر کے خلاف درج کیا گیا لیکن بااثر ہونے کے باعث ملزم گرفتار نہ ہوسکا۔اور آج صبح پھر دکان کے باہر موجود مقتول ناصر خان کے بھائی نادر خان پر حملہ کر کے زخمی کردیا گیا۔کلفٹن تھانے کا گھیراوٴ کرنے والے مقتول کے لواحقین کا مطالبہ تھا کہ ناصر خان کے قاتلوں کو گرفتاراور نادرخان پر حملے کا مقدمہ درج کیا جائے۔مقتول ناصر خان کی بیوہ بوڑھی ماں کے ساتھ اسکے چارمعصوم اور کمسن بیٹیاں اور ایک بیٹا بھی اپنے باپ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے احتجاج میں شریک تھے۔ معززین علاقے اورپولیس کے درمیان مذاکرات کے بعد ناصر خان کے ورثاء اور علاقہ مکین نے کلفٹن تھانے کا گھیراوٴ ختم کردیا۔ڈی ایس پی کلفٹن نیر الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مقتول ناصر خان کے قتل میں نامزد ملزمان عدالتی ضمانت پر ہیں اور مقدمہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔۔مقتول کے بھائی پر حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا اور ایک ملزم گرفتار ہے۔