Time 01 مئی ، 2023
دنیا

’ عمران خان امریکا مخالف نہیں‘، امریکی رکن کانگریس سے عمران خان کے مشیر کی اہم ملاقات

یہ ملاقات پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود کی کیلی فورنیا میں رہائش گاہ پر ہوئی جس میں بعض دیگر شخصیات بھی موجود تھیں/فوٹوجیو نیوز
 یہ ملاقات پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود کی کیلی فورنیا میں رہائش گاہ پر ہوئی جس میں بعض دیگر شخصیات بھی موجود تھیں/فوٹوجیو نیوز

امریکی رکن کانگریس ایڈم شیف نے پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ دیکھیں گے کہ امریکا اس صورتحال میں پاکستان کی کس طرح مدد کرسکتا ہے۔

کانگریس مین ایڈم شیف نے یہ بات تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی امور عاطف خان سے ملاقات کے موقع پر کہی۔

 یہ ملاقات پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود کی کیلیفورنیا میں رہائش گاہ پر ہوئی جس میں بعض دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔

کانگریس مین ایڈم شیف نے کہا کہ پاکستان ایک بہت اہم ملک ہے جو انتہائی چیلنجنگ خطے میں واقع ہے، یہ ایک ایسا ایٹمی ملک بھی ہے جو جمہوریت کے لیے فرنٹ لائن پر ہے۔

ایڈم شیف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پچھلے ایک برس میں جو ہوا اس پرانہیں شدید تشویش اور پریشانی ہے، یہ بات کہتے ہوئے کانگریس مین نے پنجاب کی صورتحال، الیکشن کی ٹائمنگ اور سپریم کورٹ سے متعلق امور کا خاص طور پر ذکر کیا۔

کانگریس مین نے کہا کہ کہ پچھلے کچھ عرصے میں پاکستان سےمتعلق ان کی تشویش بڑھی ہے، خصوصا انسانی حقوق کی صورتحال خراب ہوئی ہے،  انہوں نے کہا کہ ملک میں جبری گمشدگیاں، ماورائے عدالت قتل اور آزادی اظہار کو دبایا جانا تشویش کا باعث ہے۔

ایڈم شیف نے زور دیا کہ اس صورتحال میں امریکا کو چاہیے کہ وہ انسانی حقوق کی صورتحال پر ٹھوس وکالت کرے،ساتھ ہی انہوں نے پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ دیکھیں گے کہ پاکستان کی اس صورتحال میں امریکا کس طرح مدد کرسکتا ہے۔

کانگریس مین ایڈم شیف ان سرکردہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکن اراکین کانگریس میں شامل ہیں جنہوں نے پاکستان کی اس صورتحال پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کو خط لکھ کر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

عمران خان کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی عاطف خان نے اس موقع پر کہا کہ وہ ڈاکٹر آصف محمود کے شکر گزار ہیں جن کے ذریعے یہ ملاقات ممکن ہوئی اور اس پات پر بھی کہ ان بااثر پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ہی نے ایک روز پہلے ایڈم شیف سے پندرہ منٹ ٹیلےفون پر بات بھی کرائی تھی ۔

عمران خان امریکا مخالف نہیں ہیں : عاطف خان

کانگریس مین ایڈم شیف سے اسی ٹیلی فون کال کا حوالہ دیتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ آپ نے عمران خان کے امریکا مخالف ہونے سے متعلق جو بات پوچھی تھی ،اس پر وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عمران خان امریکا مخالف نہیں ہیں،  یہ ضرور ہے کہ پچھلے دو تین برسوں میں عمران خان کو امریکا مخالف پاکستانی لیڈر کے طورپر پیش کیا گیا مگر حقیقت یہ ہے کہ عمران خان پاکستان کو برابری کے درجے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔

عمران حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد اور سائفر تنازعہ سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ سائفر کے مواد کا تعلق امریکی اہلکار سے جوڑا گیا تھا جسے بغیر تحقیقات کیے درست مان لیا گیا، عاطف خان نے دعویٰ کیا کہ وقت گزرنے پر تحقیقات سے جوبات سامنے آئی وہ یہ تھی کہ عمران حکومت کیخلاف سازش پاکستان ہی میں تیار کی گئی تھی۔

 سابق وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ پاک امریکا تعلقات سب سے اہم تعلقات ہیں : مشیر عمران خان

عمران خان کے مشیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم سمجھتے ہیں کہ پاک امریکا تعلقات سب سے اہم تعلقات ہیں، تاہم وہ یہ ضرور چاہتے ہیں کہ پاکستان کو بھی وہی درجہ ملے جو دیگر ممالک کو حاصل ہے کہ عالمی تنازعات میں پاکستان کو نیوٹرل رہنے کا حق حاصل ہو۔

عاطف خان نے کہا کہ عمران خان کا یہ مؤقف امریکا مخالف ہونے کا اظہار نہیں بلکہ یہ پاکستان کے حق میں آواز اٹھانے کی دلیل ہے، اور یہ بھی حقیقت ہے کہ عمران خان کسی بھی دوسرے لیڈر سے زیادہ مغرب کو سمجھتے ہیں۔

کانگریس مین ایڈم شیف کی عاطف خان سے یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب پاکستانی امریکن ڈیموکریٹ ڈاکٹر آصف محمود نے امریکی محکمہ خارجہ کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے حکام سے ملاقات کی ہے جس میں پاکستان کی داخلی صورتحال پر بات کی گئی ۔ 

بعد میں اس نمائندے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر آصف محمود نے کہا تھا کہ اگر پاکستان حکومت نے انسانی حقوق کی صورتحال بہتر نہ کی تو امریکی حکومت کئی سخت اقدامات لے سکتی ہے۔

مزید خبریں :