04 مئی ، 2023
سندھ پولیس کے ایک ڈی ایس پی کو حیدر آباد میں ٹریفک پولیس کے سیکشن افسر کو دی گئی دھمکی مہنگی پڑگئی، دھمکی کی ویڈیو سامنے آنے پر آئی جی سندھ نے ڈی ایس پی کے خلاف کارروائی اور ٹریفک افسر کو شاباش اور انعام دینے کا اعلان کر دیا۔
حیدرآباد میں سندھ پولیس کے ڈی ایس پی فہیم فاروقی کی جانب سے ٹریفک پولیس کے سیکشن آفیسر کو دھمکیاں دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
ویڈیو میں ڈی ایس پی فہیم فاروقی کو ٹریفک سیکشن سٹی حیدرآباد کے انچارج کو دھمکی دیتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں فہیم فاروقی نے غلط سمت پارکنگ پر کارروائی کرنے والے ٹریفک افسر کو دھمکی دی کہ وہ 24 گھنٹے میں اس کا تبادلہ کرادیں گئے اگر 25 گھنٹے ہوگئے تو وہ حیدرآباد آنا چھوڑ دیں گے۔
آئی جی سندھ نے ٹریفک افسر کو دھمکانے کا نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔
آئی جی سندھ کی جانب سے ٹریفک افسر کیلئے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹریفک افسر کو سرٹیفکیٹ اور ایک تنخواہ انعام دی جائے گی۔
ڈی ایس پی فہیم فاروقی کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی ہوگی۔ ڈی ایس پی فہیم فاروقی کراچی پولیس آفس میں تعینات ہیں ، فہیم فاروقی کے خلاف سنگین دفعات کے تحت پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔