Time 06 مئی ، 2023
پاکستان

پی ڈی ایم موجودہ چیف جسٹس کے دور میں عام انتخابات نہیں چاہتی

پی ڈی ایم کے ایک باخبر ذریعے کا کہنا تھا حکمران اتحاد 16؍ ستمبر کے بعد الیکشن کیلئے کسی بھی تاریخ کیلئے تیار ہوگا/ فائل فوٹو
پی ڈی ایم کے ایک باخبر ذریعے کا کہنا تھا حکمران اتحاد 16؍ ستمبر کے بعد الیکشن کیلئے کسی بھی تاریخ کیلئے تیار ہوگا/ فائل فوٹو

پی ڈی ایم جلد الیکشن کیلئے تیار ہے لیکن 16؍ ستمبر سے پہلے نہیں۔ یہ تاریخ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ ہے۔

پی ڈی ایم کے ایک باخبر ذریعے کا کہنا تھا حکمران اتحاد 16؍ ستمبر کے بعد الیکشن کیلئے کسی بھی تاریخ کیلئے تیار ہوگا۔

ذریعے نے پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کے امکان کو بھی مسترد کر دیا، جیسا کہ ماضی میں حکمران اتحاد کے کچھ رہنماؤں نے اشارہ دیا تھا۔

ذریعے نے کہا کہ ہم 13؍ اگست سے آگے نہیں جائیں گے۔ 13؍ اگست کو قومی اسمبلی اپنی مدت مکمل کر لے گی۔ کہا جاتا ہے کہ 13؍ اگست سے آگے جانے سے حکمران اتحاد کو سیاسی لحاظ سے بہت زیادہ نقصان ہوگا۔

ذریعے نے کہا کہ اگر پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی والے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے کسی معاہدے کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو قومی اسمبلی کی تحلیل جولائی میں ممکن ہے لیکن جون میں کسی بھی طرح سے ایسا نہیں ہوگا۔

کہا جاتا ہے کہ حکومت بجٹ کے معاملے پر سمجھوتا نہیں کرے گی، حکومت چاہتی ہے کہ وہ بجٹ پیش کرے اور اسے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق پارلیمنٹ سے منظور کرائے۔

کہا جاتا ہے کہ بجٹ نگراں حکومت کیلئے نہیں چھوڑا جا سکتا کیونکہ حکمران اتحاد کو ڈر ہے کہ ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے، عبوری حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ سازی نہیں کر پائے گی لہٰذا ڈیفالٹ کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔

ذریعے نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بجٹ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبول بجٹ پیش کیا جائے گا۔

مزید خبریں :