کھیل
Time 08 مئی ، 2023

ویڈیو: بابر اعظم نے امام کی ٹوئٹ پر ردعمل دیدیا

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے اوپننگ بیٹر امام الحق کی ٹوئٹ پر ردعمل دیا ہے۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف پانچویں ون ڈے میچ سے قبل امام الحق نے ذو معنی ٹوئٹ کی تھی جس کے بعد ٹوئٹر پر ایک نئی بحث چھڑ گئی تھی اور اب تک امام ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہے ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں امام  نے لکھا کہ 'زندگی ایک غیر متوقع سفر ہے، اس لیےکسی سے کچھ امید نہ رکھیں صبر کریں، اللہ دیکھ رہا ہے'۔

تاہم پانچویں میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے اس ٹوئٹ سے متعلق سوال کیا گیا جس پر بابر نے جواب دیا 'مجھے معلوم نہیں، میں نے موبائل دیکھا نہیں کہ اس نے ٹوئٹ کی ہے یا نہیں، ابھی دیکھتے ہیں اس نے کیا ٹوئٹ کی ہے'۔

کپتان نے مزید کہا 'ہماری ٹیم میں ناراضگی نہیں ہوتی، ہماری ٹیم کا اتحاد کافی اچھا ہے اور رہے گا، فیملی میں اگر کوئی بات ہوجاتی ہے تو ہم کوشش کرتے ہیں وہ بات ہم تک رہے باہر نہ جائے، لڑکے ایسی حرکت کرتے بھی نہیں ہیں، ٹیم میں فیملی کی طرح بھروسہ ہے'۔

بابر کا مزید کہنا تھا 'ہماری ٹیم میں بھروسے کا لیول کافی اچھا ہے، مجھے نہیں لگتا امام کی ٹوئٹ کا میچ سے کوئی تعلق ہے'۔

واضح رہے کہ امام الحق کو نیوزی لینڈ کے خلاف چوتھے میچ میں نہیں کھلایا گیا تھا جس کے بعد امام الحق نے پانچویں میچ سے قبل یہ پیغام دیا تھا۔

اس سے قبل امام الحق نے پریس کانفرنس میں ساتھی کھلاڑیوں کے بارے میں بات کی تھی اور مزید تجربات نہ کرنے کا کہا تھا۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق امام الحق کو پریس کانفرنس میں بیان کی وجہ سے نہیں کھلایا جارہا۔

مزید خبریں :