10 مئی ، 2023
عمران خان کی گرفتاری کے خلاف کراچی میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کا احتجاج جاری، احتجاجی مظاہروں کے دوران جلاؤ گھیراؤ اور پتھراؤ میں ملوث مزید درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پرتشدد احتجاج کے بعد کل سے اب تک ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 300 سو افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ چار مقدمات بھی درج کرلیے گئے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈالمیا اور راشد منہاس روڈ پر پی ٹی آئی کارکنان کی پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ آنکھ مچولی کافی دیر تک چلتی رہی۔
پی ٹی آئی کے مشتعل مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس نے جواب میں آنسو گیس کی شیلنگ کی، شیلنگ کے دوران مظاہرین قریبی نجی سوسائٹی میں داخل ہو گئے۔
پولیس نے ملینیم اور اس کے اطراف ہنگامہ آرائی میں ملوث خواتین کارکنان سمیت 40 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔
پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے نرسری کے مقام پر بھی پرتشدد احتجاج کیا گیا، پولیس کی جانب سے یہاں بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی گئی جبکہ خواتین کارکنان سمیت 28 افراد کو حراست میں لیا گیا۔
کل سے جاری مظاہروں کے دوران پولیس نے 4 مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ مجموعی طور پر تقریباً 300 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔