14 مئی ، 2023
ترکیہ کی سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین احمد ینر نے کہا ہے کہ ترکیہ میں صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پولنگ آج ہوگی۔
اپنے بیان میں چیئرمین احمد ینر نے کہا کہ ترکیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی زیادہ پارٹیاں انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، ترک پارلیمان کی 600 نشستوں کیلئے 24 پارٹیاں اور 151 آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ صدر رجب طیب اردوان، کمال قلیچ دار اوغلو اور سنان اوغنان براہ راست صدارت کے عہدے کیلئے امیدوار ہیں البتہ محرم اینجہ الیکشن سے قبل اپنی دستبرداری کا اعلان کر چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کیلئے ٹیکنالوجیکل، انفراسٹرکچرل، ممکنہ بجلی کے تعطل یا سائبر حملوں سے بچاؤ سمیت سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں جبکہ تمام انتظامات کے ٹرائل ٹیسٹ بھی کرلیے گئے ہیں۔
چیئرمین احمد ینر نے بتایہ کہ تمام صوبائی اور ضلعی الیکشن بورڈز کو صحتمند اور محفوظ ماحول میں پولنگ کروانے کیلئے تمام ضروری ہدایات اور وسائل فراہم کر دیے گئے ہیں، آج شام پانچ بجے تک پولنگ کا عمل مکمل ہوگا جبکہ غیر حتمی نتائج کا اعلان سپریم الیکشن کونسل کی جانب سے آج ہی کر دیا جائے گا۔
سپریم الیکشن کونسل کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثر علاقوں میں بھی آج پولنگ کا عمل ملک بھر کے ساتھ جاری رہے گا۔
انہوں نے بتایہ کہ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں 8.9 ملین ووٹرز رجسٹر ہیں، متاثرہ علاقوں میں انتخابی عمل کیلئے سپریم الیکشن کونسل کے وفد نے صورتحال کا جائزہ لینے اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی دورہ کیا، جس کے بعد وہاں تباہ شدہ اسکولوں کی عمارتوں میں کنٹینرز پہنچادیے گئے اور ووٹرز کیلئے تمام ضروری اقدامات کرلیے گئے ہیں۔
چیئرمین احمد ینر نے بتایا کہ زلزلہ کے سبب بے گھر ہوکر دوسرے علاقوں میں منتقل ہونے والے افراد بھی ووٹ کا حق استعمال کر سکیں گے، رجسٹریشن کے عمل کے بعد اب وہ اپنے موجودہ مقام سے ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔
اوورسیز بیلٹنگ کے حوالے سے چیئرمین احمد ینر کا کہنا تھا کہ ترکیہ میں صدارتی، پارلیمانی انتخابات کیلئے اوورسیز ووٹنگ کا عمل 9 مئی کو ختم ہو گیا تھا، اس دوران 73 ممالک اور 156 فارن آفسسز میں کاسٹ ہونے والے 1.8 ملین اوورسیز ووٹ ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام اوورسیز ووٹ پانچ تالوں والے لاکرز میں محفوظ ہیں جن کی ایک چابی چیئرمین فارین ڈسٹرکٹ الیکشن بورڈ اور چار چابیاں سیاسی پارٹیوں کے پاس ہیں۔ اوورسیز ووٹوں کی گنتی الیکشن کے دن کی جائے گی۔
چیئرمین سپریم الیکشن کونسل احمد ینر کا کہنا تھا آج ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی عام انتخابات میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شام پانچ بجے شروع ہو جائے گا۔