27 مئی ، 2025
بھارتی ریاست گجرات میں نریندر مودی کی ریلی میں حکام کی جانب سے کرنل صوفیہ قریشی کے اہلخانہ کو بلوا کر گل پاشی کروائی گئی جس پر مودی سرکار کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔
گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں گجرات کے شہر وڈودرا میں ریلی نکالی گئی تاکہ آپریشن سندور پر بھارتی فوج کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔
ریلی میں آپریشن سندور کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ دینے والی بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی کو عزت دینےکے بجائے مقامی حکام نے ان کے والدین اور بہن بھائی کو ریلی میں طلب کرلیا اور ان سے مودی پر گل پاشی کروائی گئی۔
بھارتی حکام کے اس عمل پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے بھی تنقید کی اور کہا کہ اس پر پورا بھارت شرمندہ ہے۔
خیال رہےکہ اس سے قبل پاکستان سے سیز فائر کے بعد بھارتی انتہاپسندوں کی جانب سے بھی کرنل صوفیہ قریشی کو صرف اور صرف مسلمان ہونے کے باعث تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
بی جے پی کے وزیر وجے شاہ نے کرنل صوفیہ قریشی کو دہشت گردوں کی بہن قراردیا تھا۔
وجے شاہ کا کہنا تھا دہشتگردوں نے ہمارے ہندو بھائیوں کو کپڑے اتار کر قتل کیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کے جواب میں دہشتگردوں کی بہن کو ہی آرمی کے جہاز میں ان کے گھروں پر حملہ کرنے کے لیے بھیجا، دہشتگردوں نے ہماری بہن کو بیوہ کیا، اس لیے مودی جی نے ان (دہشتگردوں) کی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بہنوں کو انہیں سبق سکھانے کے لیے بھیجا۔