14 مئی ، 2023
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پیپلز پارٹی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت بلدیاتی الیکشن میں کامیاب نمائندوں کو ٹارگٹ بناکر گرفتار کر کے میئر شپ کی حمایت کے لئے دباؤ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کیلئے پیپلز پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے نمبر پورے نہیں ہیں، نمبر پورے کرنے کیلئے جو ووٹ خریدے گا وہ اپنے منہ پر کالک ملے گا۔
اپنی پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم نے کہا کہ ووٹ سے جیتتے توکوئی اعتراض نہیں تھا لیکن کراچی والوں نے پیپلزپارٹی کو ووٹ نہیں ڈالا، پیپلزپارٹی نے تشدد اور آر اوز کی مدد سے نتائج تبدیل کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پولیس، انتظامیہ اور الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے ملازم کا کردار ادا کیا ہے، ہم بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی پر پیپلز پارٹی کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو آج کس چیز کا جشن منارہے ہیں؟ مردم شماری میں کراچی کی کم گنتی کا یا بلدیاتی الیکشن میں دھاندلی کا؟ پیپلز پارٹی کا جشن کراچی کے مینڈیٹ کی چوری کا جشن ہے۔
حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ہم پرتشدد کارروائیوں اور قومی املاک کو نقصان پہنچانے کی حمایت نہیں کرتے لیکن امن و امان کی آڑ میں سیاسی کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیاں بند ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میئر کراچی کے لئے پی ٹی آئی کے ساتھ مثبت انداز میں بات آگے بڑھ رہی ہے، میئر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔