16 مئی ، 2023
موسم گرما کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور اس کے منفی اثرات سے بچنے کے لیے پانی بہت اہم ہوتا ہے۔
مگر بیشتر افراد کو سادہ پانی کا ذائقہ پسند نہیں ہوتا جس کے باعث وہ دن بھر میں مناسب مقدار میں پانی پینے سے گریز کرتے ہیں۔
اس کے نتیجے میں ڈی ہائیڈریشن کا خطرہ بڑھتا ہے جو متعدد مسائل کا باعث بن سکتا ہے۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ سادہ پانی میں ایک عام دستیاب چیز کو شامل کرکے اسے مزیدار بنا سکتے ہیں۔
اور وہ چیز ہے لیموں، جس کے عرق کو پانی میں ملا کر پیا جا سکتا ہے۔
مگر کیا لیموں کے عرق والا پانی پینے سے صحت کو کوئی فائدہ ہوتا ہے؟
اس حوالے سے زیادہ تر طبی شواہد بہت زیادہ ٹھوس نہیں مگر اس مشروب سے کوئی خاص نقصان بھی نہیں ہوتا۔
لیموں پانی کے ایک گلاس سے جسم کو وٹامن سی، فولیٹ، پوٹاشیم، آئرن، وٹامن بی 1، وٹامن بی 2 اور وٹامن بی 5 سمیت متعدد غذائی اجزا ملتے ہیں۔
تو اس مشروب کے چند فوائد جان لیں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ پانی صحت کے لیے بہت اہم ہوتا ہے اور گرم موسم میں تو اس کی زیادہ مقدار کا استعمال ضروری ہے۔
تو اگر سادہ پانی کا ذائقہ پسند نہیں تو لیموں کے چند قطرے پانی میں ملا کر پی لیں تاکہ ڈی ہائیڈریشن سے بچ سکیں۔
جسم میں پانی کی کمی سے چڑچڑے پن، جسمانی درجہ حرارت میں اضافے، قبض، ذہنی دھند اور گردوں کی پتھری جیسے مسائل کا خطرہ بڑھتا ہے۔
کھٹے پھل جیسے لیموں میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے جو ایک ایسا اینٹی آکسائیڈنٹ ہے جو خلیات کو تحفظ فراہم کرتا ہے جبکہ مدافعتی نظام مضبوط کرتا ہے۔
یہ وٹامن آئرن کو جذب کرنے اور مختلف ہارمونز بنانے کے لیے بھی اہم ہوتا ہے۔
جسم میں وٹامن سی کی کمی سے موسمی بیماریوں، منہ اور آنکھیں خشک ہونے، جِلد خشک ہونے، تھکاوٹ، بے خوابی اور دانت کمزور ہونے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
لیموں پانی کے استعمال سے جسمانی وزن میں کمی لانے میں بھی ممکنہ مدد مل سکتی ہے۔
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کھانے سے قبل پانی پینے والے افراد کم مقدار میں خوراک جسم کا حصہ بناتے ہیں جس سے جسمانی وزن میں کمی آتی ہے۔
محققین نے بتایا کہ کھانے سے پہلے پانی پینا جسمانی وزن میں کمی کے لیے بہترین حکمت عملی ہے۔
چینی سے بنے مشروبات جیسے جوس، سوڈا اور دیگر کے استعمال سے موٹاپے، ذیابیطس ٹائپ 2، امراض قلب، گردوں کے امراض، جگر کے امراض، دانتوں کے مسائل اور جوڑوں میں تکلیف کا خطرہ بڑھتا ہے۔
لیموں پانی کو میٹھے مشروبات کی جگہ دینے سے ان مسائل سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
لیموں میں موجود citric acid گردوں میں پتھری بننے کے عمل کی روک تھام میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
لیموں کے عرق میں یہ ایسڈ موجود ہوتا ہے تاہم اس کی معتدل مقدار کا استعمال ضروری ہے۔
کھانے سے قبل اس مشروب کا استعمال کرنے سے نظام ہاضمہ بہتر ہوتا ہے۔
لیموں میں موجود citric acid معدے میں موجود تیزابی سیال کو بڑھاتا ہے جس سے کھانا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
ایک تحقیق میں بھی دریافت کیا گیا کہ کھانے سے قبل لیموں پانی پینے سے کھانا جلد ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ مشروب عموماً محفوظ ہوتا ہے مگر کچھ منفی اثرات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
لیموں میں موجود citric acid کا بہت زیادہ استعمال طویل المعیاد بنیادوں پر دانتوں کی سطح کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اسی طرح معدے میں موجود تیزابی سیال کی مقدار زیادہ ہونے سے سینے میں جلن کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔
نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔