18 مئی ، 2023
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے انگلینڈکی نمائندگی کرنے والے پاکستانی نژاد فٹبالر عیسٰی سلیمان کو پاکستان کی نمائندگی کی اجازت دے دی ہے، فیفا کی اجازت کے بعد عیسیٰ سلیمان فوری طور پر پاکستان کی نمائندگی کے اہل ہوگئے ہیں ۔
25 سالہ عیسٰی سلیمان ان دنوں پرتگال میں لیگ فٹبال کھیل رہے ہیں، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ان کو پاکستان کی جانب سے کھیلنے کی پیشکش کی تھی جو ڈیفینڈنگ مڈفیلڈر نے قبول کرلی۔
عیسٰی سلیمان کی پیشکش قبول کرنے کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن نے باضابطہ طور پر فیفا سے رابطہ کیا تاکہ ان کی ایسوسی ایشن کو تبدیل کیا جاسکے۔
تمام مطلوبہ دستاویزات کو مکمل کرنے کے بعد فیفا سے باضابطہ منظوری لی گئی ہے۔
انگلینڈ کی انڈر 20 فٹبال ٹیم کے ساتھ یوروکپ جیتنے والے عیسٰی سلیمان برطانیہ میں ہی پیدا ہوئے تھے تاہم ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔
جب عیسٰی نے پہلی بار انگلینڈ سے کھیلا تب ان کے پاس پاکستان کا پاسپورٹ نہیں تھا، ذرائع کا کہنا ہےکہ عیسٰی نے گزشتہ سال ہی پاکستان کا پاسپورٹ حاصل کیا ہے۔
اس بنیاد پر فیفا قوانین کے تحت عیسٰی کو پاکستان کی جانب سے کھیلنےکی اجازت ملی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ اگر پاکستان فٹبال ٹیم اس سال ساف چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے بھارت کا دورہ کرتی ہے تو عیسٰی اس اسکواڈ کا حصہ ہوسکتے ہیں۔