16 جنوری ، 2012
لاہور…لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس شیخ عظمت سعید نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ خالد نعیم لودھی کی سیکریٹری دفاع کے عہدے سے برطرفی کے خلاف درخواست کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔سماعت کے دوران عدالت نے درخواست گزار محمد اظہر صدیق کو ہدایت کی کہ وہ اس نکتے پر دلائل دیں کہ آیا درخواست قابل سماعت ہے بھی یا نہیں۔ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خالد نعیم لودھی کی برطرفی ملکی سالمیت اور خود مختاری کے خلاف ہے۔ خالد نعیم لودھی نے انہیں ٹیلی فون پر چند ایسی باتیں بتائی ہیں جو بہت خطرناک ہیں جن سے آئندہ سماعت پر عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خالد نعیم لودھی نے خود اپنی برطرفی کو چیلنج نہیں کیا لہٰذا اس نکتے پر دلائل دیئے جائیں کہ آیا یہ درخواست جو ایک وکیل نے دائر کی ہے اور وہ متاثرہ فریق نہیں قابل سماعت ہے یا نہیں۔