27 مئی ، 2023
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کیلئے کمیٹی کا اعلان کردیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذاکراتی ٹیم میں شامل تمام 7 لوگوں کے نام سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی بنائی گئی 7 ممبران پر مبنی ٹیم انتخابات کے حوالے سے حکومت کے ساتھ لائحہ عمل طے کرے گی۔
شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد قیصر ،حلیم عادل شیخ، عون عباس، مراد سعید اور حماد اظہر مذاکراتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
خیال رہے کہ آج پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مجھے نااہل کیا گیا تو شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک جیسے رہنما پارٹی چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوج سے کوئی لڑائی نہیں یہ فوج میری ہے، جلد وقت تبدیل ہو نے والا ہے اور آنے والے دنوں میں بڑے سرپرائز دوں گا، موجودہ حکومت نے ملکی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، الیکشن کے علاوہ کوئی حل نہیں۔
گزشتہ روز انہوں نے مذاکرات کی اپیل بھی کی تھی اور کہا تھا کہ اپیل کرتا ہوں کہ فوری طور پر بات چیت کرنی چاہیے، مجھے اپنی سختی کی نہیں ملک کی فکر ہے جو سب کو ہونی چاہیے، بات چیت کی اپیل کو میری کمزوری نہ سمجھا جائے۔