12 جون ، 2023
اسلام آباد: حکومت نے تحریک لبیک سے مذاکرات کا فیصلہ کرلیا۔
تحریک لبیک کے پنجاب میں احتجاج کے معاملے پر حکومت نے ٹی ایل پی سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وزیر داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی ٹی ایل پی سے مذاکرات کرے گی۔
ٹی ایل پی کو کالعدم کب قرار دیا گیا؟
پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں تحریک لبیک کو کالعدم قرار دیا گیا تھا اور 15 اپریل 2021 کو اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا جس میں بتایا گیا تھا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت ٹی ایل پی کو کالعدم قراردیا گیا۔
پی ٹی آئی حکومت نے تحریک لبیک پر پابندی عائد کرنے کا بھی فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ ملک میں اس وقت ہونے والے احتجاج اور دھرنے تھے جس میں ٹی ایل پی کارکنان اور پولیس کے درمیان کئی مقامات پر تصادم بھی دیکھنے میں آیا تھا۔
ٹی ایل پی کی پابندی کے خلاف اپیل
تحریک لبیک کی جانب سے سیکرٹری داخلہ کو درخواست دی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا تحریک لبیک دہشتگرد تنظیم نہیں بلکہ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے۔