14 جون ، 2023
ارجنٹینا فٹ بال ٹیم کے لیجنڈ لیونل میسی کو بیجنگ ائیر پورٹ پر پولیس اہلکاروں نے دستاویز مکمل نہ ہونے پر حراست میں لے لیا بعد ازاں انہیں چھوڑدیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق لیونل میسی کو حراست میں لینے کا واقعہ بیجنگ میں 10جون کو بیجنگ ائیر پورٹ پر پیش آیا۔
میسی کو حراست میں کیوں لیا گیا؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی ہسپانوی اور ارجنٹائن دونوں پاسپورٹس کے حامل ہیں،تائیوان ویزا فری داخلے کی اجازت دیتا ہے لیکن میسی نے اسے چین میں بھی لاگو سمجھے جانے کی غلطی کی تھی اسی وجہ سے ویزاکے لیے درخواست نہیں دی تھی جس کے نتیجے میں میسی کو ائیر پورٹ پہنچنے پر حراست میں لے لیا گیا تاہم پولیس نے مسئلے کا فوری حل نکالتے ہوئے ویزے کی میعاد بڑھا کر لیونل میسی کو روانہ کردیا۔
میسی کوحراست میں لینے کی ویڈیو وائرل
بیجنگ کے ورکرز اسٹیڈیم میں ارجنٹینا اور آسٹریلیا کے درمیان ایک بین الاقوامی دوستانہ میچ شیڈول تھا، جس کیلئے کھلاڑی بیجنگ پہنچے تھے تاہم جب میسی بیجنگ پہنچے تو غلط ویزے کی بنا پولیس نے کھلاڑی کو حراست میں لیا اور پوچھ گچھ کی جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
وائرل ویڈیو میں میسی کے ارد گرد پولیس اہلکاروں کو دیکھا جاسکتا ہے جب کہ میسی کو پریشان حال بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
لیونل میسی فٹ بال کی دنیا کا بڑا نام
واضح رہے ارجنٹینا ورلڈ کپ میں جگہ بنانے کیلئے 15 جون کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ 19 جون کو انڈونیشیا کے ساتھ ان ہی کی سر زمین پر میچ کھیلے گا،اس کے علاوہ بھی دیگر میچز کو شیڈول کیا جائے گا۔
فٹ بال کی دنیا میں لیونل میسی ایک بڑا نام ہے اور انہوں نے اپنی کارکردگی سے بڑے اعزاز اپنے نام کر رکھے ہیں۔