14 جون ، 2023
سپریم کورٹ میں ریویو اینڈ ججمنٹ ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطابندیال اور وکیل ریاض حنیف راہی ایڈووکیٹ کے درمیان مکالمہ ہوا ہے۔
تحریک انصاف کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر دوسرے درخواست گزار ریاض حنیف راہی روسٹرم پر آئے اور کہا کہ میں انتہائی مشکل حالات میں اپنی گزارشات پیش کررہا ہوں، مجھ پر دباؤ تھا کہ میں درخواست واپس لے لوں۔
اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو کوئی مسئلہ ہے تو میرے پاس آجائیں۔
ریاض حنیف راہی نے کہا کہ میں عدالت میں کچھ پڑھنا چاہتا ہوں۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ عدالت میں اسے نہ پڑھیں، آپ اپنے ذاتی مسائل پرمجھ سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کرسکتے ہیں۔
چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ ہمارا ملک اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے، ہم سب کو جرات، بردباری اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے، ملکی معاشی صورتحال سب کے سامنے ہے، شکایت کرنے کے بجائے موجود صورتحال کا سامنا کریں، صبر کریں اور صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کریں۔