کھیل
Time 25 جون ، 2023

ورلڈکپ سیمی فائنل میں چھوڑے گئے اہم کیچ کو یاد کرانے پر حسن علی کا ردعمل

فوٹو: ای ایس پی این
فوٹو: ای ایس پی این

قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے  2021  کے  ٹی ٹوئنٹی  ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا  کے خلاف میتھیو ویڈ کا اہم کیچ گرانےکا  یاد کرانے  والی سوشل میڈیا صارف کو  جواب دیا ہے۔

ان دنوں حسن علی انگلش کاؤنٹی لیگ کھیلنے میں مصروف ہیں، اسی سلسلے میں انہوں نے ایک ٹوئٹ کی جس میں کرکٹر نے مداحوں کی سپورٹ کا شکریہ ادا کیا، اس کے علاوہ انہوں نے اسٹیڈیم کے ماحول کی بھی تعریف کی۔

حسن کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا 'لیکن ہم اب تک آسٹریلیا کے خلاف اس چھوٹے گئے کیچ کو نہیں بھولے ہیں'۔

فاسٹ بولر نے صارف کی اس ٹوئٹ کا جواب دینا ضروری سمجھا ، انہوں نے کہا 'مجھے بھی وہ ڈراپ کیا گیا کیچ اب تک یاد ہے اور میں اپنی آخری سانس اور اس کے بعد بھی اس کیچ کو فراموش نہیں کرسکوں گا'۔

حسن علی نے اپنی ٹوئٹ میں ڈھیروں 'رونے' والے ایموجیز بھی بنائے۔

تاہم کرکٹ شائقین صارف کی اس ٹوئٹ پر بپھر گئے اور خاتون صارف کو کھری کھری سنادیں۔

مداحوں نے حسن علی کی چیمپئنز ٹرافی 2017 کی پرفارمنس کی یاد دلائی اور ساتھ ہی ان کی دیگر شاندار  پرفارمنسز کا تذکرہ کیا اور تنقید کرنے والی سوشل میڈیا صارف کو آڑے ہاتھوں لیا۔

آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں کیا ہوا تھا؟

11 نومبر 2021 کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

حسن علی نے شاہین آفریدی کے 19 ویں اوور میں آسٹریلوی بلے باز میتھیو ویڈ کا کیچ ڈراپ کیا تھا اور پھر اُسی اوور میں میتھیو ویڈ نے 3 چھکے لگا کر آسٹریلیا کو فتح سے ہمکنار کروا دیا تھا۔

بعدازاں فاسٹ بولر نے بھی ٹوئٹر پر بیان جاری کرکے مداحوں سے معذرت کی تھی۔

ٹوئٹ میں حسن علی کا کہنا تھا کہ ' میں جانتا ہوں کہ میری کارکردگی آپ لوگوں کی توقعات کے مطابق نہیں تھی جس پر آپ سب افسردہ ہیں تاہم میں اس سے بھی زیادہ افسردہ ہوں'۔

حسن علی نے شائقین کی جانب سے ان کے لیے پیغامات، ٹوئٹس، فون کالز اور دعاؤں پر شکریہ بھی ادا کیا۔

ٹوئٹ میں حسن علی کی جانب سے حب الوطنی پر مبنی شعر بھی پوسٹ کیا گیا ۔

میرا سینہ تیری حُرمت کا ہے سنگین حصار،

میرے محبوب وطن تُجھ پہ اگر جاں ہو نثار

میں یہ سمجھوں گا ٹھکانے لگا سرمایہِ تن،

اے میرے پیارے وطن۔

مزید خبریں :